ای میل کا عنوان سمجھ نہیں آرہا؟ تو یہ کام اب جی میل پر چھوڑ دیں

05 اپريل 2019
جی میل میں نیا اضافہ کردیا گیا — شٹر اسٹاک فوٹو
جی میل میں نیا اضافہ کردیا گیا — شٹر اسٹاک فوٹو

کیا ای میل تحریر کرتے وقت سمجھ نہیں آتا کہ اس کا عنوان یا سبجیکٹ کیا ہونا چاہئے؟ تو یہ کام اب جی میل پر ہی چھوڑ دیں۔

گوگل نے اپنی ای میل سروس جی میل کے صارفین کے لیے ایک نیا اسمارٹ کمپوز فیچر متعارف کرایا ہے جو سبجیکٹ لائن کے بارے میں معاونت کرتا ہے۔

یہ فیچر جی میل صارفین کے لیے پیش کردیا گیا ہے اور جب صارف ای میل کو تحریر کرلیتا ہے تو اسمارٹ کمپوز اس مواد کو مدنظر رکھ کر اس کے سبجیکٹ کا مشورہ دے گا۔

مثال کے طور پر اگر کسی دوست کی سالگرہ کے بارے میں کچھ منصوبہ بندی کررہے ہیں تو یہ فیچر اس کا عنوان ہیپی برتھ ڈے تجویز کرسکتا ہے۔

یہ اسمارٹ کمپوز فیچر تمام جی میل صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے اور 15 دن میں ہر ایک کو دستیاب ہوگا۔

یہ فیچر بائی ڈیفالٹ ان ایبل ہوگا تاہم صارفین اسے ٹرن آف بھی کرسکتے ہیں۔

جی میل اسمارٹ کمپوز فیچر ابھی کسی ای میل کو تحریر کرتے ہوئے صارف کو اگلی لائن کی پیشگوئی کرسکتا ہے۔

یہ فیچر گوگل کی جانب سے ای میل اور رئیپلائی تحریر کرنے کے وقت کو کم کرنے میں مدد فراہم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

فوٹو بشکریہ گوگل
فوٹو بشکریہ گوگل

خیال رہے کہ رواں ہفتے یکم اپریل کو گوگل نے اس ای میل سروس کے 15 سال مکمل ہونے پر چند نئے فیچرز متعارف کرائے تھے۔

ایک فیچر تو اسمارٹ کمپوز کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ہے جو اس ای میل سروس کو صارف کے انداز تحریر کے مطابق ای میل تحریر کرنے میں مدد دے گا۔

مگر سب سے اہم فیچر جی میل میں پہلی بار شیڈول ای میل کی سہولت دینا ہے۔

اس مقصد کے لیے سینڈ بٹن کے آگے ایک ایرو ہوگا جس پر کلک کرنے پر ای میل کو مخصوص وقت کے لیے شیڈول کرنا ممکن ہوگا۔

ابھی جی میل میں تھرڈ پارٹی ایپس کی مدد سے شیڈول ای میل کرنا ممکن ہے مگر گوگل کی جانب سے براہ راست یہ سہولت فراہم کرنا یقیناً زیادہ بہتر ہوگا۔

یہ فیچر بھی آئندہ چند ہفتوں تک تمام صارفین کو دستیاب ہوگا۔

تبصرے (0) بند ہیں