آمدن سے زائد اثاثے: سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کی نیب میں پیشی

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2019
نیب نے گزشتہ ماہ خواجہ آصف کو طلب کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
نیب نے گزشتہ ماہ خواجہ آصف کو طلب کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کو ایک سوالنامہ دے دیا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نیب کے طلب کرنے پر راولپنڈی دفتر پہنچے، جہاں ان سے ایک گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔

نیب دفتر میں جاری رہنے والی اس تفتیش کے بعد خواجہ آصف کو تحقیقاتی ٹیم نے ایک سوال نامہ دیا۔

مزید پڑھیں: خواجہ آصف کی نااہلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار

بعد ازاں نیب میں پیشی کے بعد خواجہ آصف روانہ ہوگئے، تاہم اس دوران انہوں نے میڈٰیا سے غیر رسمی گفتگو بھی کی۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ آج کا دن اچھا رہا، کچھ سوالات پوچھے گئے اور ایک سوالنامہ بھی دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ سوالنامہ ابھی پڑھا نہیں ہے، مجھے نہیں معلوم اس میں کیا سوالات ہیں لیکن اسے پڑھ کر تحریری طور پر جواب دوں گا۔

اس دوران صحافی کی جانب سے سابق وفاقی وزیر سے پوچھا گیا کہ شاہد خاقان عباسی کی طرح آپ کو بھی گرم کافی پلائی گئی؟ تو اس پر خواجہ آصف نے جواب دیا کہ میں نے اچھی جائے پی ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے گزشتہ ماہ خواجہ آصف کو آمدن سے زائد اثاثے کیس میں طلب کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے خلاف تحقیقات کے لیے نیب سے رجوع کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا

اگر خواجہ آصف کی بات کی جائے تو وہ اس سے قبل عدالت سے نااہلی کا سامنا کرچکے ہیں تاہم بعد ازاں انہیں اہل قرار دے دیا گیا تھا۔

26 اپریل 2018 میں پی ٹی آئی کے رہنما عثمان ڈار کی جانب سے ہی دائر کردہ درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کو نااہل قرار دے دیا تھا۔

تاہم خواجہ آصف نے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا، جہاں سے یکم جون 2018 کو آنے والے فیصلے میں ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر خواجہ آصف کو اہل قرار دے دیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں