کراچی میں سینئر صحافی شفقت سومرو کے 25 سالہ صاحبزادے مبینہ طور پر لاپتہ ہوگئے۔

پولیس نے صحافی کے بیٹے کے لاپتہ ہونے کا مقدمہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 365 کے تحت درج کرکے تحقیقات شروع کردیں۔

پاکستان کی مقامی نیوز ایجنسی پاکستان پریس انٹرنیشنل (پی پی آئی) کے ایڈیٹر شفقت سومرو نے ڈان کو بتایا کہ ان کا بیٹا محمد شفاعت گزشتہ 6 روز سے لاپتہ ہے لیکن قانون نافذ کرنے والے ادارے ان کو بازیاب کروانے ناکام یا ان کی کہیں موجودگی سے لاعلم ہیں۔

مزید پڑھیں: لاپتہ افراد کے مقدمات سول عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ

سینئر صحافی کا کہنا تھا کہ ان کا بیٹا نواب شاہ کی قائد عوام یونیورسٹی میں میکینکل انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کررہا تھا اور ایک مقامی کمپنی سے بھی منسلک تھا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ '10 مئی کا ان کے بیٹے کو اس وقت لاپتہ کیا گیا جب وہ کام پر جارہے تھے، وہ نہ تو دفتر پہنچے اور نہ ہی گھر واپس لوٹے'۔

سینئر صحافی نے دعویٰ کیا کہ 'ان کے بیٹے کا فون بند ہے اور پولیس اور دیگر ادارے، جن میں سی پی ایل سی بھی شامل ہے، ان کے بیٹے کی جی پی ایس معلومات دینے سے قاصر ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: لاپتہ افراد کے مقدمات کا اندراج کروانا ریاست کی ذمہ داری، عدالت

ان کا کہنا تھا کہ '6 روز گزر جانے کے باوجود ان کا بیٹا لاپتہ ہے اور انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اہل خانہ جس کرب سے گزر رہے ہیں اسے بیان نہیں کرسکتا'۔

پولیس نے سینئر صحافی کے بیٹے کے لاپتہ ہونے سےمتعلق ایف آئی آر 14 مئی کو ان کو لاپتہ کیے جانے کے 5 روز بعد درج کی جبکہ تحقیقات میں کسی قسم کی پیش رفت بھی تاحال سامنے نہیں آئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں