ورلڈ کپ:انگلینڈ نے بنگلہ دیش کو 106 رنز سے شکست دے دی

اپ ڈیٹ 11 جون 2019
انگلینڈ کے باؤلرز نے بنگلہ دیش کو ابتدائی اوورز میں پریشان کیے رکھا—فوٹو:رائٹرز
انگلینڈ کے باؤلرز نے بنگلہ دیش کو ابتدائی اوورز میں پریشان کیے رکھا—فوٹو:رائٹرز
دونوں ٹیمیوں کے پاس 2، 2 پوائنٹس ہیں — فوٹو: بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر
دونوں ٹیمیوں کے پاس 2، 2 پوائنٹس ہیں — فوٹو: بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر

میزبان انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2019 کے ایک اہم میچ میں شان دار بیٹنگ کے بعد باؤلنگ میں بھی بنگلہ دیش کی پوری ٹیم کو 280 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 106 رنز کے بھاری مارجن سے جیت کر پوائنٹس ٹیبل میں دوسری پوزیشن حاصل کرلی۔

کارڈف میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم میزبان ٹیم نے میچ کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے مشرفی مرتضیٰ کے فیصلے کو غلط ثابت کردیا۔

انگلینڈ کے اوپنرز جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 128 رنز بنائے، بیئراسٹو نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور 51 رنز بنا کر مشرفی مرتضیٰ کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

جیسن روئے نے اپنی عمدہ کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے اپنی سنچری بھی مکمل کی اور دوسری وکٹ میں جوروٹ کے ساتھ مل کر 32 ویں اوور میں اسکور کو 205 رنز تک پہنچایا لیکن روٹ ان کا مزید ساتھ نہ دے سکے اورمحمد سیف الدین کی گیند پر آوٹ ہوئے، شراکت میں ان کا حصہ صرف 21 رنز تھا۔

انگلینڈ کی تیسری وکٹ 235 رنز پر گری جب جیسن روئے شان دار 153 رنز بنا کر مہدی حسن میراز کی وکٹ بن گئے، انہوں نے 121 گیندوں کا سامنا کیا اور اننگز میں 14 چوکے اور 5 چھکے لگائے۔

ابتدائی تین بلے بازوں کی جانب سے ایک بڑے اسکور کی بنیاد رکھنے کے بعد جوز بٹلر اور کپتان آئن مورگن نے انگلینڈ کے مجموعی اسکور میں مزید برق رفتاری سے اضافے کے لیے کوششوں کا آغاز کیا۔

مورگن اور بٹلر نے شراکت میں 95 رنز کا اضافہ کیا اور 330 رنز کا ہندسہ 35 ویں اوور میں عبور کرلیا جس کے لیے بتلر نے 44 گیندوں میں 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ مورگن 340 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے اور انہوں نے 35 رنز کی اننگز کھیلی۔

بنگلہ دیشی باؤلرز نے بین اسٹوکس کو فوری قابو کرتے ہوئے صرف 6 رنز کے اضافے کے بعد واپس پویلین بھیج دیا۔

کرس ووکس اور لیام پلنکٹ نے مزید وکٹ گرنے نہیں دیں اور مقررہ اوورز تک ٹیم کا اسکور 6 وکٹوں پر 386 رنز تک پہنچادیا۔

بنگلہ دیش کی جانب سے محمد سیف الدین اور مہدی حسن میراز نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیش کا آغاز سست تھا اور اوپنر سومیا سرکار شروع میں ہی آرچر کی بہترین باؤلنگ کا نشانہ بنے جس کے بعد تمیم اقبال اور شکیب الحسن نے محتاط انداز اپناتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری دسویں اوور میں مکمل کی لیکن تمیم اقبال ایک اونچا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں 63 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے۔

تمیم اقبال آوٹ ہونے والے دوسرے بلے باز تھے اور انہوں نے 29 گیندوں پر 19 رنز بنائے جس کے بعد تجربہ کار بلے باز مشفق الرحیم بیٹنگ کے لیے میدان میں آئے اور شکیب الحسن کے ساتھ مل کر 106 رنز کی ایک اہم شراکت بنائی۔

شکیب الحسن نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشفق الرحیم کے ساتھ شراکت کے دوران ورلڈ کپ میں ایک اور نصف سنچری مکمل کی جبکہ مشفق الرحیم اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرپائے اور 169 رنز کے مجموعے پر 44 رنز بنا کر پلنکٹ کی گیند میں جیسن روئے کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔

بنگلہ دیش کو مشفق الرحیم کے فوری بعد محمد متھن کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا جو بغیر کوئی رن بنائے عادل رشید کو وکٹ دے گئے تاہم شکیب الحسن نے نئے بلے باز محموداللہ کے ساتھ مل کر اسکور کو آگے بڑھایا اور اپنی سنچری بھی مکمل کی۔

شکیب الحسن نے ذمہ دارانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 121 رنز کی اننگز کھیلی لیکن ان کی یہ سنچری ٹیم کو فتح سے ہم کنار نہ کرواسکی، وہ 219 کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد مصدق حسین نے26 رنز بنا کر مجموعے کو 254 رنز تک محموداللہ کا ساتھ دیا تاہم انہیں بین اسٹوکس نے آؤٹ کردیا۔

محموداللہ 45 ویں اوور میں ہمت ہار بیٹھے اور ان کی 28 رنز کی اننگز بنگلہ دیش کو 261 رنز تک پہنچاسکی، اس کے بعد اگلے 3 بلے باز سیف الدین، مہدی حسن میراز اور مستفیض الرحمٰن صرف 19 رنز کا اضافہ کرسکے۔

بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 49 ویں اوور میں 280 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ میں 106 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ کی جانب سے آرچر اور بین اسٹوکس نے 3،3 اور مارک ووڈ نے دو وکٹیں حاصل کیں، ایک، ایک وکٹ عادل رشید اور پلنکٹ نے حاصل کی۔

جیسن روئے کو شان دار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

اس سے قبل بنگلہ دیش کی ٹیم نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کے خلاف فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

آج کا پہلا جبکہ ایونٹ کا 12واں میچ انگلینڈ اور بنگلہ دیش کی ٹیموں کے درمیان کارڈف میں کھیلا جارہا ہے اور یہ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوا۔

دونوں ٹیمیوں کے پاس 2، 2 پوائنٹس ہیں — فوٹو: بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر
دونوں ٹیمیوں کے پاس 2، 2 پوائنٹس ہیں — فوٹو: بشکریہ آئی سی سی ٹوئٹر

دونوں ٹمیوں کی ایک دوسرے کے خلاف کارکردگی کی بات کی جائے تو ان کے درمیان ہونے والے گذشتہ 5 میچز میں سے 3 میں انگلینڈ جبکہ 2 میں بنگلہ دیش نے کامیابی حاصل کی، جس میں ایک ورلڈ کپ 2015 کا میچ بھی شامل ہے۔

پوائنٹس ٹیبل کی بات کی جائے تو انگلینڈ اور بنگلہ دیش نے 2،2 میچ کھیلے ہیں لیکن دونوں ٹیمیوں کو صرف ایک میچ میں ہی کامیابی حاصل ہوسکی جس کے نتیجے میں ان کے پاس 2،2 پوائنٹس ہیں۔

گذشتہ روز پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان ہونے والا میچ بارش کی نذر ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں دونوں ٹیمیوں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

آج کے دوسرے اور ورلڈ کپ کے 13ویں میچ میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹمیں ٹکرائیں گی، یہ میچ ٹاؤنٹن میں کھیلا جائے گا جو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 5 بجے شروع ہوگا۔

اس سے قبل دونوں ٹمیوں کے درمیان صرف ایک میچ ورلڈ کپ 2015 کے موقع پر کھیلا گیا تھا جس میں نیوزی لینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں