پولیو کے قطرے پلانے سے انکار، والدین کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 17 جون 2019
حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیم کے نامناسب رویوں کو بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا — فائل فوٹو/اے ایف پی
حکومتی عہدیدار کا کہنا تھا کہ پولیو ٹیم کے نامناسب رویوں کو بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا — فائل فوٹو/اے ایف پی

اسلام آباد: نیشنل پولیو پروگرام کے تحت ایسے والدین کے خلاف مقدمات درج نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے سے انکار کرتے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق یہ اقدام پیر کے روز سے ملک میں شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے لیے خاصی مشکلات کا سبب بن سکتا ہے۔

حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولت شمالی وزیرستان، لکی مروت اور ضلع بنوں میں 10 فیصد یا انکار کے تقریباً 50 ہزار واقعات رونما ہونے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رواں ہفتے میں پولیو کے تیسرے کیس کی تصدیق، تعداد 11 تک پہنچ گئی

اس ضمن میں وزیراعظم کے فوکل پرسن بابر بن عطا نے ڈان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 3 اضلاع میں جان بوجھ کر ماضی میں کیے جانے والے اس کام میں چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ ہم پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کرنے والوں کی تعداد جاننا چاہتے ہیں۔

تاہم اس سلسلے میں پولیو ٹیم کے نامناسب رویوں کو بالکل بھی برداشت نہیں کیا جائے گا اور اگر کوئی پولیو ٹیم کے اراکین کے ساتھ بدسلوکی کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ زبردستی ویکسین نہیں پلائی جاسکتی اس کے ساتھ والدین کی رضا مندی ہونا ضروری ہے۔

مزید پڑھیں: افواہوں کے بعد انسداد پولیو مہم کو مشکلات کا سامنا

بابر بن عطا کا مزید کہنا تھا کہ ’ان 3 اضلاع میں 5 سال کی عمر سے کم بچوں کی تعداد تقریباً 5 لاکھ ہے، پولیو ٹیم کو ہدایت کی گئی ہے پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کا اندراج کریں اور ان سے ویکسینیشن کے لیے اصرار نہ کریں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’بدقسمتی سے والدین نے گھروں میں مارکر رکھے ہوئے ہوتے ہیں جس سے وہ اپنے بچوں کی انگلیوں پر خود ہی نشانات لگا لیتے ہیں لہٰذا مہم کے پہلے روز ہم والدین کو سمجھانا چاہتے ہیں کہ ویکسین ان کے بچوں کے بہترین مفاد میں ہے‘۔

پولیو کی آج سے شروع ہونے والی مہم کے دوران 55 لاکھ 30 ہزار بچوں کو سندھ، 43 لاکھ 10 ہزار بچوں کو پنجاب، 13 لاکھ 20 ہزار بچوں کو بلوچستان اور 11 لاکھ بچوں کو خیبر پختونخوا میں پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا فیس بک سے پولیو ویکسین کے خلاف مواد ہٹانے کا مطالبہ

مذکورہ مہم سندھ کے 16، بلوچستان کے 13، خیبرپختونخوا کے 3 اور پنجاب کے 7 اضلاع میں شروع کی جائے گی۔

خیال رہے کہ رواں سال کے دوران ملک میں پولیو کے 23 کیسز سامنے آچکے ہیں جن میں سے خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں 7، ہنگو، ڈیرہ اسمٰعیل، شانگلہ میں ایک ایک، میر علی میں 3 کیسز، میران شاہ میں 2، خیبر اور باجوڑ میں ایک ایک، کراچی میں 2، لاڑکانہ میں ایک اور لاہور میں 3 کیسز سامنے آچکے ہیں۔

بابر بن عطا کے مطابق ملک کے مجموعی پولیو کیسز میں 50 فیصد بنوں میں رپورٹ ہونے کے بعد ضلع کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے اس وجہ سے یہ انتہائی ضروری ہے کہ انسدادِ پولیو مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلوائے جائیں۔

تبصرے (0) بند ہیں