ورلڈکپ: شکیب کی شاندار کارکردگی، بنگلہ دیش نے ویسٹ انڈیز کو شکست دے دی

اپ ڈیٹ 18 جون 2019
شکیب الحسن نے 2 وکٹیں لینے کے بعد ناقابل شکست سنچری بھی اسکور کی— فوٹو: رائٹرز
شکیب الحسن نے 2 وکٹیں لینے کے بعد ناقابل شکست سنچری بھی اسکور کی— فوٹو: رائٹرز

بنگلہ دیش نے شکیب الحسن کی عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی کی بدولت ویسٹ انڈین کو ورلڈ کپ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

بنگلہ دیش نے ٹونٹن میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر درست معلوم ہوا اور جارح مزاج بلے باز کرس گیل بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ایون لوئس کا ساتھ دینے شے ہوپ آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 116 رنز کی شراکت قائم کی۔

اس موقع پر تجربہ کار شکیب الحسن نے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے 70 رنز بنانے والے لوئس کا کام تمام کردیا۔

نکولس پوران اچھی فارم میں نظر آئے لیکن وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد 25 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

دوسرے اینڈ پر موجود ہوپ ڈٹے رہے اور شیمرون ہٹمائر کے ساتھ 83 رنز کی شراکت قائم کر کے بڑے اسکور کی راہ ہموار کی، لیکن نصف سنچری کی تکمیل کے ساتھ ہی مستفیض نے ہٹمائر کو چلتا کردیا جبکہ دو گیندوں بعد ہی انہوں نے خطرناک آندرے رسل کو بھی پویلین واپسی پر مجبور کردیا۔

کپتان جیسن ہولڈر نے آکر 15 گیندوں پر 33رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ شے ہوپ نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 96 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مستفیض کی تیسری وکٹ بن گئے۔

شے ہوپ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز
شے ہوپ نے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی— فوٹو: رائٹرز

اختتامی اوورز میں ڈیرن براوو نے دو چھکے لگا کر اپنی ٹیم کی ٹرپل سنچری مکمل کرائی، یوں ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 321 رنز بنائے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے مستفیض اور محمد سیف الدین نے تین، تین وکٹیں لیں۔

ہدف کے تعاقب میں بنگلہ دیشی اوپنرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو 52 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا جس کے بعد آندرے رسل نے سومیا سرکار کی اننگز کا خاتمہ کردیا۔

تمیم اقبال کا ساتھ دینے تجربہ کار شکیب الحسن آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 69 رنز کی شراکت قائم کر کے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا لیکن رن آؤٹ کے نتیجے میں تمیم اقبال کی اننگز اختتام کو پہنچی جنہوں نے 48 رنز بنائے۔

ابھی بنگلہ دیشی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ انہیں ایک رن بنانے والے مشفیق الرحیم کی شکل میں ایک اور قیمتی وکٹ گنوانی پڑی۔

133 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد شکیب کا ساتھ دینے لٹن داس آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے بہترین کرکٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈین باؤلرز کو ہلکان کردیا۔

اس کے بعد جیسن ہولڈر نے وکٹ کے حصول کی متعدد کوششیں کی لیکن شکیب اور لٹن داس کے سامنے ان کی ایک نہ چلی اور بنگلہ دیش نے 322 رنز کا ہدف 51 گیندوں قبل ہی حاصل کر لیا۔

شکیب اور داس نے چوتھی وکٹ کے لیے ناقابل شکست 189 رنز کی شراکت قائم کردی۔

شکیب الحسن نے 124رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ لٹن داس 69 گیندوں پر 4 چھکوں اور 8 چوکوں سے مزین 94 رنز کی اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

شکیب الحسن کو 2 وکٹیں لینے اور سنچری بنانے پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں