’ریتک نے خود مسلمان لڑکی سے شادی کی، اس کی بہن نے محبت کی تو کیا غلط کیا‘

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2019
سنینا روشن نے مسلمان صحافی روحیل امین سے تعلقات کا اعتراف کیا تھا—فوٹو: ہندوستان ٹائمز
سنینا روشن نے مسلمان صحافی روحیل امین سے تعلقات کا اعتراف کیا تھا—فوٹو: ہندوستان ٹائمز

کچھ دن قبل ہی بولی وڈ کے ایکشن ہیرو ریتک روشن کی بڑی بہن 47 سالہ سنینا روشن نے انکشاف کیا تھا کہ ان کی جانب سے مسلمان شخص سے محبت کیے جانے پر انہیں گھر سے نکلنے پر مجبور کردیا گیا اور والد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

سنینا روشن نے بھارتی شوبز ویب سائٹ کو دیے گئے انٹرویو میں بتایا تھا کہ ایک سال قبل ہی سوشل میڈیا کے ذریعے ان کی دوستی مسلمان صحافی روحیل امین سے ہوئی جو بعد ازاں محبت میں بدل گئی۔

سنینا روشن نے دعویٰ کیا کہ مسلمان شخص سے محبت کرنے پر والد نے انہیں تھپڑ مارے اور کہا کہ روحیل امین دہشت گرد ہے۔

سنینا روشن نے الزام عائد کیا تھا کہ گھر والوں نے انہیں خرچے کے پیسے بھی نہیں دیے اور وہ ان کے رویے کی وجہ سے گھر سے نکلنے پر مجبور ہیں۔

سنینا نے دعویٰ کیا تھا کہ ریتک روشن نے ان سے وعدہ کیا تھا کہ وہ انہیں الگ گھر خرید کر دیں گے، لیکن اب وہ انہیں گھر کا کرایہ بھی نہیں دیتے۔

انہوں نے بھائی کو بھی اپنے والد فلم ساز راکیش روشن جیسی سوچ کا مالک قرار دیا تھا۔

اور اب صحافی روحیل امین نے بھی سنینا روشن کی جانب سے کیے جانے والے انکشافات پر پہلی بار کھل کر بات کی ہے اور بتایا ہے کہ کس طرح ان کے اور سنینا کے پیار کو روشن خاندان قبول نہیں کر رہا۔

View this post on Instagram

Weekend is here and it's time for some BFF moments!!

A post shared by RUHAIL (@ruhail.amin) on

نیوز 18 ٹی وی سے بات کرتے ہوئے روحیل امین نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ ریتک روشن نے خود ایک مسلمان لڑکی سوزین خان سے شادی کی اور اب جب ان کی بہن نے ان سے محبت کی تو اسے غلط سمجھا جا رہا ہے۔

روحیل امین کے مطابق ان کی اور سنینا کی دوستی ایک سال قبل ہی سوشل میڈیا کے ذریعے ہوئی اور جو آہستہ آہستہ محبت میں بدل گئی اور انہیں یہ سن کر پہلے تو یقین ہی نہیں آیا کہ سنینا کے خاندان والے ان کی محبت سے ناخوش ہیں۔

روحیل امین نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ جب انہیں سنینا نے بتایا کہ ان کا خاندان ان کی محبت اور دوستی کو مختلف مذہب کی وجہ سے تسلیم نہیں کر رہا تو انہیں ان کی بات پر یقین نہیں آیا، لیکن بعد ازاں انہیں احساس ہوا کہ وہ سچ کہ رہی ہیں۔

روحیل امین سے ایک سال قبل تعلقات استوار ہوئے، سنینا—فوٹو: پنک ولا
روحیل امین سے ایک سال قبل تعلقات استوار ہوئے، سنینا—فوٹو: پنک ولا

انہوں نے خود کو سنینا کے والد کی جانب سے دہشت گرد قرار دیے جانے پر حیرانگی کا اظہار کیا اور کہ وہ یہ الزام صرف اس لیے لگا رہے ہیں کہ میرا تعلق ان کے مذہب سے نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: محبت کرنے پر گھر سے نکال دیا گیا، والد نے تشدد کیا، ریتک کی بہن

روحیل امین نے حیرانگی کا اظہار کیا کہ یہ وہی خاندان ہے جس کے بیٹے ریتک روشن نے ایک مسلمان خاتون سے شادی کی اور اب جب ان کی بہن نے مجھ سے محبت کی تو اسے غلط قرار دیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ ریتک روشن کی اہلیہ سوزین خان اداکار زید خان کی بہن اور فردین خان کی کزن ہیں۔

ریتک اور سوزین خان کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
ریتک اور سوزین خان کے درمیان 2014 میں طلاق ہوگئی—فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

سوزین خان اور ریتک روشن نے 2000 میں شادی کی جو 14 سال بعد 2014 میں طلاق پر ختم ہوئی اور دونوں کے 2 بچے بھی ہیں۔

طلاق کے باوجود دونوں کو اب بھی ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جاتا ہے اور وہ ایک دوسرے کو اب بھی بہترین ساتھی قرار دیتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ریتک روشن کی طلاق یافتہ بیوی سے دوبارہ شادی کی افواہیں

ریتک روشن کی بہن سنینا خان پہلے دو شادیاں کر چکی ہیں اور ان کی دونوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔

سنینا روشن کی پہلی شادی بیٹی کے پیدائش کے چند سال بعد 2000 میں طلاق پر ختم ہوئی،انہوں نے 2009 میں ریئل اسٹیٹ کے صنعت کار موہن نگر سے شادی کی، تاہم ان کی دوسری شادی بھی محض چند سال کے اندر ختم ہوگئی۔

سنینا روشن کو پہلے شوہر سے ایک 23 سالہ بیٹی بھی ہے اور وہ ذہنی بیماری کا شکار بھی ہیں۔

سنینا روشن کی 2013 میں برین سرجری ہو چکی ہے اور وہ اس کے بعد ’بائیو پلر ڈس آرڈر‘ (ذہنی بیماری) کا شکار ہیں۔

سنینا روشن کے صحافی روحیل امین سے تعلقات استوار ہونے سے قبل متعدد ٹی وی اداکاروں اور کاروباری افراد سے بھی تعلقات رہے۔

سنینا کے والد راکیش روشن معروف فلم ساز ہیں—فوٹو: انسٹاگرام
سنینا کے والد راکیش روشن معروف فلم ساز ہیں—فوٹو: انسٹاگرام

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں