زائرہ وسیم کی اب تک صرف 2 فلمیں ریلیز ہوئی ہیں—فوٹو: بولی وڈ لائف
زائرہ وسیم کی اب تک صرف 2 فلمیں ریلیز ہوئی ہیں—فوٹو: بولی وڈ لائف

بولی وڈ اداکارہ زائرہ وسیم نے تین دن قبل ہی سوشل میڈیا کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ جلد فلم انڈسٹری کو چھوڑ دیں گی۔

زائرہ وسیم نے 5 سال قبل عامر خان کی فلم ’دنگل‘ سے محض 13 برس کی عمر میں کیریئر کا آغاز کیا تھا اور انتہائی کم عمری میں مشہور ہوگئی تھیں۔

اداکارہ نے بتایا تھا کہ انہیں اب احساس ہونے لگا ہے کہ وہ اس کام کے لیے نہیں تھیں اور یہ کہ اداکاری کی وجہ سے ان کا ایمان و عقیدہ متاثر ہو رہا ہے، اس لیے اب وہ فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی کر رہی ہیں۔

زائرہ وسیم کے اعلان کے بعد اگرچہ کئی بولی وڈ شخصیات نے حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے اداکارہ کے فیصلے کو غلط قرار دیا، تاہم متعدد شخصیات نے ان کی حمایت بھی کی اور کہا کہ وہ اپنی مرضی سے زندگی گزارنے کا حق رکھتی ہیں اور اب تک ان کے فیصلے پر بولی وڈ میں بحث جاری ہے۔

زائرہ وسیم نے اب تک صرف 2 فلموں ’دنگل‘ اور ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ میں کام کیا ہے اور جلد ہی ان کی تیسری اور آخری فلم ریلیز کی جائے گی۔

زائرہ وسیم نے دنگل میں عامر خان کی ریسلر بیٹی کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
زائرہ وسیم نے دنگل میں عامر خان کی ریسلر بیٹی کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

زائرہ وسیم کی پہلی دونوں فلمیں مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان کے ساتھ تھیں اور دونوں بے حد مقبول ہوئیں اور اب ان کی آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ رواں برس اکتوبر میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔

’اسکائے از پنک‘ میں زائرہ وسیم پگی چوپس پریانکا چوپڑا کی بیٹی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

وسیم نے اگرچہ بولی وڈ کو چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم انہوں نے یہ وضاحت نہیں کی تھی کہ وہ کب تک شوبز سے الگ ہوجائیں گی۔

لیکن اب اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ اداکارہ اپنی آخری فلم ’اسکائے از پنک‘ کی شوٹنگ مکمل ہوتے ہی انڈسٹری سے الگ ہوجائیں گی۔

امکان ہے کہ ’اسکائے از پنک‘ کی شوٹنگ رواں ماہ کے آخر یا آئندہ ماہ اگست تک مکمل ہوجائے گی، جس کے بعد فلم کی ٹیم اس کی تشہیر شروع کرے گی اور اطلاعات ہیں کہ زائرہ وسیم اپنی آخری فلم کی تشہیر میں بھی حصہ نہیں لیں گی۔

مڈ ڈے نے ذرائع سے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ زائرہ وسیم کی آخری فلم کو 11 اکتوبر کو ریلیز کیے جانے کا امکان ہے اور اداکارہ اپنی فلم ریلیز ہونے سے قبل انڈسٹری سے الگ ہوجائیں گی۔

ذرائع کے مطابق زائرہ وسیم نے اسکائے از پنک کی ہدایت کارہ شونالی بوس سمیت دیگر ٹیم ارکان کو اپنے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے فلم کی تشہیر میں حصہ لینے سے معذرت کرلی ہے۔

رپورٹس ہیں کہ فلم کی ٹیم اگست میں ’اسکائے از پنک‘ کی تشہیر شروع کرے گی اور پریانکا چوپڑا سمیت فرحان اختر تشہیر کا حصہ ہوں گے لیکن فلم میں ان کی بیٹی کا کردار ادا کرنے والی زائرہ وسیم تشہیر میں حصہ نہیں لیں گی۔

سیکریٹ سپر اسٹار میں زائرہ وسیم نے گلوکارہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ
سیکریٹ سپر اسٹار میں زائرہ وسیم نے گلوکارہ کا کردار ادا کیا تھا—اسکرین شاٹ

زائرہ وسیم اس فلم میں پریانکا چوپڑا اور فرحان اختر کی بیٹی کا کردار ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

یہ فلم بھارت کی موروثی بیماری میں مبتلا بچی عائشہ چوہدری کی لکھی گئی کتاب سے لی گئی ہے، جس کی کہانی خود ان کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں عائشہ چوہدری کا کردار زائرہ وسیم ادا کرتی دکھائی دیں گی۔

عائشہ چوہدری پیدائشی طور پر مدافعتی کمی اور نظام ہاضمہ کی موروثی بیماری میں مبتلا تھی، جس وجہ سے ان کے پھیپھڑوں میں کینسر سمیت دیگر اعضاء میں بھی موروثی بیماریاں پیدا ہوگئیں تھیں۔

آخری فلم میں زائرہ موروثی بیماری میں مبتلا لڑکی کا کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
آخری فلم میں زائرہ موروثی بیماری میں مبتلا لڑکی کا کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

پیدائشی طور پر موروثی بیماری میں مبتلا ہونے کے باوجود عائشہ چوہدری دنیا بھر کے دیگر افراد کو حوصلہ دلاتی رہیں اور انہوں نے بھارت سمیت دیگر ممالک میں بھی کئی پروگرامات میں شرکت کی۔

زندگی کی مشکلات کا بہادری سے سامنا کرنے والی عائشہ چوہدری 3 سال قبل 2015 میں 18 سال کی عمر میں چل بسی۔

عائشہ چوہدری نے اپنی کتاب میں خود کو زندگی میں پیش آنے والی مشکلات، ملنے والے حوصلے، اپنے جذبات اور کامیابی پر کتاب لکھی، جس نے مقبولیت حاصل کی اور اب اسی کتاب پر ‘اسکائی از پنک‘ فلم بن رہی ہے جو زائرہ وسیم کی آخری فلم ہوگی۔

زائرہ وسیم نے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا—فوٹو: انسٹاگرام
زائرہ وسیم نے انڈسٹری چھوڑنے کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا—فوٹو: انسٹاگرام

تبصرے (2) بند ہیں

Tariq SAEED Jul 02, 2019 03:42pm
Ek achhay walidain ki tarbiat ka phal. Salam ho.
Syed Kamran JAFRI Jul 03, 2019 08:01pm
Bohot achhee baiti hey. Shabash. Take good care of yourself and your family :)