ورلڈکپ: انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست دے دی

03 جولائ 2019
بیئراسٹو 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:رائٹرز
بیئراسٹو 106 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے—فوٹو:رائٹرز
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ — فوٹو: ٹوئٹر
نیوزی لینڈ کی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں، انگلینڈ کی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ — فوٹو: ٹوئٹر

ورلڈ کپ 2019 کے انتہائی اہم میچ میں انگلینڈ نے جونی بیئراسٹو اور جیسن روئے کی شان دار بیٹنگ کے بعد باؤلرز کی ذمہ دارانہ کارکردگی کی بدولت نیوزی لینڈ کو باآسانی 119 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔

چیسٹر لی میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور دونوں اوپنرز نے ایک مرتبہ پھر بہترین آغاز فراہم کرتے ہوئے ٹیم کی سنچری مکمل کی۔

جیسن روئے اور جونی بیئراسٹو نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 123 رنز بنائے جبکہ جمی نیشام نے 60 رنز پر کھیلنے والے روئے کو آؤٹ کرکے انگلینڈ کو پہلا نقصان پہنچایا۔

بیئراسٹو نے جو روٹ کے ساتھ دوسری وکٹ میں 71 رنز کا اضافہ کیا لیکن روٹ 24 رنز بنانے کے بعد ان کا ساتھ چھوڑ گئے تاہم انہوں نے اپنی سنچری مکمل کی اور 106 رنز کی شان دار اننگز کھیلی۔

جوز بٹلر 206 رنز پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد بیٹنگ کے لیے آئے لیکن صرف 11 رنز بنا سکے اور ٹرینٹ بولٹ کی گیند پر کین ولیمسن کو کیچ دے گئے جبکہ بین اسٹوکس نے بھی 11 رنز بنا کر کپتان مورگن کا 248 کے مجموعے تک ساتھ دیا۔

بیئراسٹو کے آؤٹ ہونے کے بعد انگلینڈ کی بیٹنگ اس رفتار کو جاری نہ رکھ پائی اور تمام بلے باز بڑا اسکور کرنے میں ناکام رہے۔

مورگن نے 42 رنز بنا کر ٹیم کو 300 کے سنگ میل تک پہنچانے کی بھرپور کوشش کی لیکن ووکس 259 کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہوئے تو 47 ویں اوور میں مورگن کی ہمت بھی جواب دے گئی۔

لیام پلنکٹ اور عادل رشید نے آٹھویں وکٹ میں قیمتی شراکت کے دوران انگلینڈ کی اننگز کے 300 رنز مکمل کیے اور عادل رشید 16 رنز بنا کر آخری اوور میں ٹم ساؤدھی کی یارکر کو روکنے میں ناکام رہے اور 301 کے مجموعی اسکور پر آوٹ ہو کر پویلین واپس چلے گئے۔

انگلینڈ نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 305 رنز بنا کر نیوزی لینڈ کو ایک اچھا ہدف دے دیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ہنری اور جمی نیشام نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا اور دونوں اوپنرز 14 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے تھے۔

کپتان ولیمسن اور روس ٹیلر نے بالترتیب 28 اور 27 رنز بنا کر ٹیم کو مشکل سے نکالنے کی کوشش کی لیکن دونوں 69 کے اسکور پر آوٹ ہو کر واپس جاچکے تھے جس کے بعد نیشام 19 اور گرینڈ ہوم 3 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

ٹام لیتھام واحد بلے باز تھے جنہوں نے نصف سنچری مکمل کی لیکن ٹیم کو انتہائی اہم میچ میں شکست سے بچانے کے لیے یہ اننگز ناکافی تھی اور وہ 57 رنز بنا کر پلنکٹ کو دے گئے۔

نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 45 اوورز میں 186 رنز پر آؤٹ ہوگئی اور میچ میں 119 رنز سے شکست کھائی۔

انگلینڈ کے مارک ووڈ نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔

نیوزی لینڈ کو 119 رنز سے شکست کے بعد پاکستان کی بھی سیمی فائنل تک رسائی مشکل میں پڑگئی ہے، پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف بہت بڑے مارجن سے کامیابی کی صورت میں ایونٹ میں سفر جاری رکھنا ممکن ہوگا جو مشکل دکھائی دے رہا ہے۔

میچ کے لیے انگلش ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی تھی جبکہ نیوزی لینڈ 2 کھلاڑیوں کی تبدیلی کے ساتھ میدان میں اتری۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انگلینڈ کے کپتان آئن مورگن کا کہنا تھا کہ آج کے میچ کے لیے انہوں نے بھرپور تیاری کی ہے، یہ میچ ان کے لیے ایک کوارٹر فائنل کی طرح ہے۔

نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیت جاتے تو پہلے بیٹنگ ہی کرتے، تاہم وہ ٹاس ہارنے کے باوجود بھی بہتر کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔

یہ میچ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے لیے مارو یا مرجاؤ کی صورت اختیار کر چکا تھا کیونکہ شکست کی صورت میں کوئی بھی ٹیم کے ایونٹ سے باہر ہونے کے امکانات موجود تھے۔

خیال رہے کہ یہ میچ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کا ایونٹ کے گروپ اسٹیج کا آخری میچ تھا۔

اس میچ سے قبل کھیلے گئے 8 میچوں میں انگلینڈ کے 5 فتوحات کے ساتھ 10 پوائنٹس تھے جو بڑھ کر 12 ہوگئے اور تیسری پوزیشن حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ نیوزی لینڈ شکست کے بعد پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر آگئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں