سریلی آواز سے شہرت پانے والا پینٹر عارف اب کیا کررہا ہے؟

04 جولائ 2019
عارف کی ویڈیو گزشتہ سال سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ
عارف کی ویڈیو گزشتہ سال سوشل میڈیا پر سامنے آئی تھی —فوٹو/ اسکرین شاٹ

کیا آپ کو نوجوان پینٹر عارف یاد ہے جس کی گزشتہ سال ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں وہ شاندار گلوکاری کرتے نظر آئے تھے؟

اگر نہیں تو ہم آپ کو یاد دلادیں کے کراچی سے تعلق رکھنے والے اس پینٹر کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں عارف ایک گھر کو پینٹ کررہا تھا ساتھ ساتھ وہ بولی وڈ کی متعدد فلموں کے کامیاب گانوں کی گلوکاری بھی کررہا تھا۔

اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد لوگوں نے اس کے ٹیلنٹ کو خوب سراہا تھا، تاہم اب پینٹر عارف ایک باقاعدہ گلوکار بن چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کراچی کے پینٹر کی بہترین آواز توجہ کا مرکز

عارف جنہیں اپنی آواز کی وجہ سے راتوں رات شہرت مل گئی اب میوزک لیبل بز کے ساتھ منسلک ہوچکے ہیں جو اب تک اپنے تین گانے بھی ریلیز کرچکے ہیں۔

ڈان سے بات کرتے ہوئے عارف کا کہنا تھا کہ 'مجھے پاکستان میں بےحد عزت ملی اور میڈیا نے بھی مجھے بہت سپورٹ کیا، گلوکارہ آئمہ نے مجھے اپنے کنسرٹ میں مدعو کیا اور پاکستانی عوام نے مجھے سپورٹ کیا اور میرا کام سوشل میڈیا پر شیئر کیا، میرے اور میرے خاندان کے لیے یہ سفر یادگار رہا'۔

یاد رہے کہ عارف کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد گلوکارہ آئمہ بیگ نے انہیں اپنے کنسرٹ میں گانے کا موقع دیا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے پاکستان سے بےحد پیار ملا'۔

یہ بھی پڑھیں: اپنی گلوکاری سے مقبول ہونے والے پینٹر کو بڑا موقع مل گیا

عارف کو صرف پاکستانی عوام نے ہی سپورٹ نہیں کیا، بھارتی گلوکار سونو نگم اور ویشال ددلانی بھی ان کی آواز کے مداح بن گئے۔

عارف کا ایک گانا 'ٹھوکو تالی' بھی حال ہی میں ریلیز ہوا، جو گلوکار کے مطابق انہوں نے نوجوت سنگھ سدھو کے لیے بنایا ہے کیوں کہ نوجوت پاکستانی عوام سے بےحد پیار کرتے ہیں۔

گلوکار نے بتایا کہ ان کا ایک گانا 'سیاں رے' رواں سال عید الضحیٰ کے موقع پر ریلیز ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں