ورلڈ کپ 2019 کی چاروں سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا

05 جولائ 2019
انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا— تصاویر: اے ایف پی
انگلینڈ، آسٹریلیا، بھارت اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا— تصاویر: اے ایف پی

پاکستان کے ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے ساتھ ہی ورلڈ کپ 2019 کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی چاروں ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا ہے۔

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان میچ سے قبل ہی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل کی 4 ٹیموں کا تقریباً فیصلہ ہو گیا تھا لیکن پاکستانی ٹیم غیرمعمولی کھیل پیش کر کے سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر سکتی تھی۔

قومی ٹیم اگر بنگلہ دیش کو میچ میں 316رنز سے شکست دیتی تو سیمی فائنل میں جگہ بنا سکتی تھی لیکن لارڈز میں قومی ٹیم اپنے آخری گروپ میچ میں صرف 315رنز ہی بنا سکی اور یوں سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

سیمی فائنل میں کس کا مقابلہ، کس سے ہو گا؟

اب آسٹریلیا، بھارت، انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے تاہم ابھی تک اس بات کا فیصلہ نہیں ہو سکا کہ کونسی ٹیم کس کے خلاف سیمی فائنل کھیلے گی۔

نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں اپنے تمام 9 میچز کھیل چکی ہیں لیکن آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیموں کا ایک، ایک میچ باقی ہے۔

اگر بھارت کی ٹیم کل سری لنکا کو میچ میں شکست دے دیتی ہے تو اس کے پوائنٹس کی تعداد 15 ہو جائے گی اور وہ پہلے نمبر پر آ جائے گی اور اس کے بعد سیمی فائنل میچوں کا فیصلہ آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے خلاف میچ کے نتیجے پر ہو گا۔

البتہ بھارت کی شکست کی صورت میں پوائنٹس ٹیبل میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی اور سیمی فائنل میں آسٹریلیا کا مقابلہ نیوزی لینڈ اور بھارت کا میزبان انگلینڈ سے ہو گا۔

اگر آسٹریلین ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف میچ جیتنے میں کامیاب رہتی ہے تو وہ 16 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلی نمبر کی ٹیم کی حیثیت سے ایونٹ کا اختتام کرے گی۔

تاہم اگر جنوبی افریقی ٹیم آسٹریلیا کو مات دیتی ہے تو بھارت کی ٹیم سری لنکا کے خلاف فتح کی صورت میں پہلے نمبر پر آ جائے گی اور سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ سے ٹکرائے گی جبکہ آسٹریلیا کا مقابلہ روایتی حریف انگلینڈ سے ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں