خواجہ برادران کو ان کے خلاف دائر ریفرنس کی کاپیاں فراہم کی جائیں، عدالت

11 جولائ 2019
ہم حکومت گرانے کے خواہشمند نہیں، خواجہ سعد رفیق  — فائل فوٹو: ٹوئٹر
ہم حکومت گرانے کے خواہشمند نہیں، خواجہ سعد رفیق — فائل فوٹو: ٹوئٹر

لاہور کی احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو (نیب) کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق اور ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق سمیت تمام گرفتار ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیراگون ہاؤسنگ اسکینڈل کیس کی سماعت کی۔

عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر خواجہ برادران سمیت دیگر ملزمان کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

مزید پڑھیں: 'خواجہ برادران کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری'

سماعت کے دوران خواجہ برادران کو جج جواد الحسن کے روبرو پیش کیا گیا جبکہ نیب حکام نے عدالت میں ملزم ندیم ضیا، عمر ضیا اور فرحان علی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کروادی۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ نیب حکام نے ندیم ضیا کی گرفتاری کے لیے ڈی ایچ اے لاہور میں ان کے گھر پر ریڈ کی جہاں وہ موجود نہیں تھے، تاہم علاقے کے سیکیورٹی گارڈ سے دریافت کیا گیا تو معلوم ہوا کہ وہاں ایک سال سے کسی نے ملزم کو نہیں دیکھا ہے۔

نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ ندیم ضیا کسی بیرون ملک رہتا ہے، اور اس کے گھر میں اس کے بچے رہتے ہیں۔

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزم عمر ضیا جان بوجھ کر نامعلوم مقام پر روپوش ہے اس لیے عدالتی حکم کے مطابق وارنٹ گرفتاری پر عمل نہیں ہوسکا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خواجہ برادران کو 14 روز کے لیے جیل بھیجنے کے احکامات

انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ وہ ملزم کے لاریکس کالونی مغل پورہ میں واقع گھر گئے تھے تاہم وہاں موجود گھر کے نئے مالک نے بتایا کہ اس نے یہ گھر 7 فروری 2019 کو فروخت کردیا ہے۔

نیب حکام کا عدالت میں کہنا تھا کہ ملزم گرفتاری سے بچنے کے لیے جان بوجھ کر نامعلوم مقام پر روپوش ہو چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایک اور ملزم فرحان علی بھی اپنا گوجرانوالہ کا گھر فروخت کر چکا ہے اور وہ بھی نامعلوم مقام پر روپوش ہے۔

احتساب عدالت نے عمر ضیا، ندیم ضیا اور فرحان علی کو اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 جولائی تک ملتوی کردی۔

جب حکومت بدلتی ہے ہم جیل چلے جاتے ہیں، خواجہ سعد رفیق

سماعت کے بعد صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ جب بھی حکومت تبدیل ہوتی ہے تو ہم جیل چلے جاتے ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم کے دوراہ کراچی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کا دورہ کراچی بے سود رہا اور وہ تاجر برادری کو مطمئن نہیں کرسکے۔

خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں سیاسی درجہ حرارت بڑھ رہا ہے اور صحافیوں سمیت ہر طبقہ ہی پریشانی کا شکار ہے۔

حکومتی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ حکومت کہہ رہی ہے سب ٹھیک ہے، لیکن ملک میں سب درست نہیں ہے۔

انہوں نے یقین دلایا کہ اپوزیشن جماعتیں حکومت گرانے کی خواہشمند نہیں ہیں، تاہم وقت ہاتھ سے نکل رہا ہے اور ایسے میں کوئی جماعت بات نہیں سنے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں