پاکستان کے اراکین اسمبلی انٹر-پارلیمنٹری کرکٹ کے اولین چمپیئن

13 جولائ 2019
پاکستان نے پہلا چمپیئن بن گیا—فوٹو:آئی پی سی ڈبلیو سی
پاکستان نے پہلا چمپیئن بن گیا—فوٹو:آئی پی سی ڈبلیو سی

پاکستان کی پارلیمانی ٹیم نے انٹر-پارلیمنٹری کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں علی امین گنڈا پور اور علی زاہد کی بہترین بیٹنگ کی بدولت بنگلہ دیش کو9 وکٹوں سے شکست دے کر اولین چمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔

برطانیہ میں کھیلے گئے پہلے انٹر-پارلیمنٹری کرکٹ ورلڈ کپ کے فائنل میں بنگلہ دیش اور پاکستان کے اراکین اسمبلی کے درمیان مقابلہ ہوا۔

بنگلہ دیش کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 104 رنز بنائے۔

پاکستان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی علی امین گنڈا کے ناقابل شکست 52 اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے علی زاہد کے 30 رنز کی بدولت مطلوبہ ہدف صرف ایک وکٹ کے نقصان پر 12 ویں اوور حاصل کر لیا۔

پی ٹی آئی کے زین حسین قریشی کی قیادت میں پاکستان کی پارلیمانی ٹیم نے تاریخ کے پہلے انٹر-پارلیمنٹری کرکٹ ورلڈ کپ میں حصہ لیا جہاں پاکستان کے علاوہ آسٹریلیا، انگلینڈ، افغانستان، نیوزی لینڈ، بھارت کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

انگلینڈ اینڈ ویلز کی جانب سے انٹر-پارلیمنٹری کرکٹ ورلڈ کپ کا انعقاد کیا گیا اور سیمی فائنل اور فائنل لندن میں کھیلا گیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر بھی اس موقع پر ٹیم کے ہمرا تھے، انہوں نے سیمی فائنل میں ٹیم کی کامیابی پر ٹویٹر میں اپنے پیغام میں ٹیم کو مبارک باد بھی دی۔

پاکستان نے سیمی فائنل میں افغانستان کو شکست دی تھی جبکہ بنگلہ دیش نے میزبان لارڈز اینڈ کامنز کی ٹیم کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

خیال رہے کہ انگلینڈ میں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے تحت کرکٹ کا عالمی کپ کے میچز بھی ہورہے ہیں جہاں میزبان انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں نے فائنل تک رسائی کی ہے اور دونوں ٹیموں کے درمیان 14 جولائی کو لارڈز میں فائنل کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں