مریم نواز کا قافلہ فیصل آباد پہنچ گیا

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2019
مریم نواز نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں—فوٹو:پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹویٹر
مریم نواز نے کہا کہ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں—فوٹو:پاکستان مسلم لیگ (ن)ٹویٹر

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز جلسے سے خطاب کے لیے کارکنوں کے وفد کے ہمرا فیصل آباد پہنچ گئیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان کے مطابق 'مریم نواز سٹیج پہ پہنچ چکی ہیں کچھ دیر میں عوام سے خطاب کریں گی'۔

مریم نواز جب فیصل آباد ٹول پلازہ پہنچیں تو کارکنوں کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا۔

مسلم لیگ (ن) کے ٹویٹر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ ‘مریم نوازشریف کا کارواں فیصل آباد ٹول پلازہ پہنچ چکا ہے جہاں عوام کی کثیر تعداد نے قائد کی بیٹی کا استقبال کیا’۔

مریم نواز نے ٹویٹ میں کہا کہ ‘یہ عوام کا ایک سمندر ہے، جو مناظر ہیں ان کی وضاحت کے لیے میرے پاس کوئی الفاظ نہیں ہیں’۔

فیصل آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ‘جس حکومت کو اپوزیشن کے رہنماؤں کو بند کرنا پڑے، جس حکومت کو کارکنوں کو گرفتار کرکے بند کرنا ، جس حکومت کو جلسوں، آوازوں، راستوں اور سڑکوں کو بند کرنا پڑے اس حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘حکومت لڑکھڑا رہی اور آخری سانسوں پر ہے’۔

جلسے کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے مریم نواز کی تصویر جاری کی گئی ہے جس میں وہ سبز لباس میں ہیں اور اس پر ان کے والد نواز شریف کی تصویر بنی ہوئی اور ان کی رہائی کا نعرہ بھی درج ہے۔

خیال رہے اس سے قبل 19 جولائی کو مریم نواز جب احتساب عدالت میں پیش ہوئی تھیں تو انہوں نے احتجاجاً سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا جس میں نواز شریف کی تصویر اور ان کی رہائی کا نعرہ درج تھا۔

مزید پڑھیں:مہنگائی کرنےوالے عمران خان استعفیٰ دو اور گھر جاؤ، مریم نواز

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے والد کو انصاف دلانے، ملک میں قانون کی بالادستی اور اظہار آزادی کے لیے ملک بھر میں 21 جولائی سے احتجاجی ریلیاں نکالیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی جو آزاد، جمہوری اور صرف پاکستان میں رہنا چاہتا ہے اس کو احتجاجی مہم میں شریک ہونا چاہیے۔

قبل ازیں مریم نواز نے 7 جولائی کو حکومت کی جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود منڈی بہاالدین میں بھی جلسے سے خطاب کیا تھا جبکہ مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ جلسے کے حوالے سے مبینہ طور پر متعدد نجی نیوز چینلز میں کوریج کو معطل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کا انٹرویو بھی نشر ہونے سے روک دیا گیا

خیال رہے کہ 12 جولائی کو مریم نواز کا ایک انٹرویو نجی نیوز چینل سے نشر کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

مریم نواز کی احتجاجی ریلیوں پر میڈیا سنسر شپ کے حوالے سے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ ‘اگر عمران خان کی حکومت ان کے خوف سے پورے ملک کو بند کردے تو بھی ریلیوں کی قیادت کریں گی’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پاکستانی عوام قانون کی بالادستی کے لیے باہر آئیں گے’۔

مریم اورنگ زیب کا کہنا تھا کہ ‘احتساب عدالت کے جج ارشد ملک کی جانب سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں دباؤ اور بلیک میلنگ پر سزا دینے کے اعتراف اور ان کو برطرف کرنے کے بعد بھی نواز شریف کو جیل میں رکھنے کی کوئی قانونی اور اخلاقی توجیح نہیں ہے’۔

تبصرے (0) بند ہیں