ناسا کا نیا انسانی مشن چاند پر بھیجنے کا اعلان

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2019
نئے انسانی مشن میں پہلی بار ایک خاتون کو بھی شامل کیا جائے گا—فوٹو: ناسا
نئے انسانی مشن میں پہلی بار ایک خاتون کو بھی شامل کیا جائے گا—فوٹو: ناسا

امریکی خلائی تحقیقی ادارے ’ناسا‘ نے چاند پر انسان کے قدم رکھنے کے 50 سال مکمل ہونے کے موقع پر چاند پر نیا مشن بھیجنے کا اعلان کرتے ہوئے منصوبے سے متعلق دنیا کو آگاہ کردیا۔

ناسا نے چاند پر نیا انسانی مشن بھیجنے کا اعلان رواں برس کے آغاز میں ہی کیا تھا اور کہا تھا کہ اس بار پہلی مرتبہ چاند پر کسی خاتون کو بھیجا جائے گا۔

اگرچہ ناسا نے چاند پر ایک مرد کے ساتھ پہلی بار ایک خاتون کو بھی بھیجنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب ادارے نے اس مشن کے حوالے سے مزید تفصیلات جاری کردیں۔

ناسا کے مطابق چاندر پر انسان کے جانے کے 50 سالہ جشن منانے کے موقع پر ادارے میں ہونے والی تقریب میں چاند پر بھیجے جانے والے نئے مشن کے حوالے سے بھی پیش رفت ہوئی۔

چاند پر جانے کے 50 سال مکمل ہونے پر ہونے والی تقریب میں نائب امریکی صدر مائیک پینس نے شرکت کی اور انہوں نے ادارے کو ہدایت کی کہ چاند پر 2024 تک نیا انسانی مشن بھیجنے کے انتظامات جلد سے جلد مکمل کیے جائیں۔

2024 تک نیا انسانی مشن چاند پر بھیجنے کے انتظامات مکمل کیے جائیں: مائیک پینس
2024 تک نیا انسانی مشن چاند پر بھیجنے کے انتظامات مکمل کیے جائیں: مائیک پینس

ناسا کے مطابق ادارہ 2024 تک ’آرٹیمس ون‘ نامی نیا انسانی مشن چاند پر بھیجے گا، جس میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو بھی بھیجا جائے گا۔

منصوبے کے تحت انسانی مشن چاند کے جنوبی حصے میں اترے گا اور اس بار جانے والا مشن چاند پر نہ صرف پانی اور دیگر قدرتی وسائل کی تلاش کا کام شروع کرے گا بلکہ نیا مشن وہاں پر ٹیکنالوجی آلات کے استعمال سے متعلق تجربات بھی کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: چاند پر انسان کے قدم کو نصف صدی مکمل

ناسا کے مطابق نیا انسانی مشن چاند پر ٹیکنالوجی آلات کے استعمال کے تجربات کرے گا اور اگر وہاں ٹیکنالوجی آلات نے کام کیا تو یہ ایک بہت بڑی اور نئی پیش رفت ہوگی جو تحقیق کے نئے دروازے کھولے گی۔

ناسا نے اپنے بیان میں بتایا کہ چاند پر نئے مشن کو ’اورین‘ نامی راکٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا، جس کی مرمت جاری ہے اور توقع ہے کہ یہ راکٹ 2023 تک مکمل ہوجائے گا۔

آرٹیمنس ون مشن کو اورین ایئر کرافٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا—فوٹو: ناسا
آرٹیمنس ون مشن کو اورین ایئر کرافٹ کے ذریعے بھیجا جائے گا—فوٹو: ناسا

خیال رہے کہ ناسا نے پہلی بار چاند پر 1969 میں انسانی مشن بھیجا تھا اور پہلی بار 20 جولائی 1969 کو نیل آرم اسٹرانگ نامی امریکی خلانورد چاند پر اترا تھا۔

ناسا نے پہلے چاند مشن کو ’اپولو الیون‘ کا نام دیا تھا اور مجموعی طور پر ناسا نے اس مشن کے 11 مشن چاند پر بھیجے اور آخری مشن 1972 میں بھیجا گیا تھا اور اب نئے سرے سے 2024 میں ’آرٹیمس ون‘ نامی نیا انسانی مشن چاند پر بھیجا جائے گا۔

ناسا کے مطابق ’آرٹیمس‘ دراصل یونانی خدا ’اپولو‘ کی جڑواں بہن تھی۔

یونانی تہذیب کے عقیدے کے مطابق اپولو طاقتور ترین اور حسین ترین خدا تھے اور وہ نہ صرف روشنی بلکہ موسیقی اور فطرت کے بھی دیوتا تھے۔

آرٹیمس ون کا حصہ ایک خاتون بھی ہوں گی—فوٹو: ناسا
آرٹیمس ون کا حصہ ایک خاتون بھی ہوں گی—فوٹو: ناسا

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں