عمران خان ’میخائیل گورباچوف‘ ثابت ہوئے ہیں، احسن اقبال

اپ ڈیٹ 24 جولائ 2019
25 جولائی کو ہی پاکستان کا اصل ’مینڈیٹ‘ چرایا گیا، احسن اقبال —فائل فوٹو: ڈان نیوز
25 جولائی کو ہی پاکستان کا اصل ’مینڈیٹ‘ چرایا گیا، احسن اقبال —فائل فوٹو: ڈان نیوز

سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان روسی رہنما ’میخائیل گورباچوف‘ ثابت ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ میخائیل گورباچوف سویت یونین کے آٹھویں اور آخری رہنما تھے جن کے دور میں سویت یونین میں ریاستوں نے علیحدگی اختیار کی اور بعد ازاں گورباچوف ازخود جلاوطن ہوگئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیر داخلہ احسن اقبال پر فائرنگ، گولی دائیں کندھے پر لگی

احسن اقبال نے مسلم لیگ (ن) کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ حکومت کی جانب سے (ن) لیگ کی سیاسی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فیصل آباد میں بھی راستوں پر پانی ڈال کر جلسے کو روکنے کی کوشش کی گئی جس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی۔

احسن اقبال نے واضح کیا کہ اپوزیشن پہلے ہی 25 جولائی کو یوم سیاہ کا اعلان کرچکی ہے کیونکہ 25 جولائی کو ہی پاکستان کا اصل ’مینڈیٹ‘ چرایا گیا۔

مزید پڑھیں: احسن اقبال پر قاتلانہ حملے کے خلاف حکومت، اپوزیشن ہم آواز

ملک کی معاشی سرگرمیوں سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کی دھاندلی کے نتیجے میں پاکستان میں سب سے زیادہ بےروزگاری پیدا ہوئی اور آج ہر شہری مہنگائی سے پریشان ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر شہری کے لیے گھر کے اخراجات چلانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات گرواٹ سے دوچار ہے۔

انہوں نے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے، تاجر ہڑتال کرنے پر مجبور ہیں اور ٹیکس ریونیو 6 سو ارب روپے سے کم ہوگئے ہیں۔

احسن اقبال نے دعویٰ کیا کہ مینوفیکچرنگ 3 فیصد سے گر چکی ہے اور آٹو موبائل سیکٹر میں ڈیڑھ لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: تاجروں کی ہڑتال سے ڈر کر پیچھے ہٹا تو قوم سے غداری ہوگی، وزیراعظم

مسلم لیگ کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ ایک سال میں 10 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں اور وزیراعظم عمران خان واشنگٹن میں کھڑے ہوکر کہتے ہیں نواز شریف کا ٹی وی اور ایئر کنڈیشنز بند کروں گا۔

علاوہ ازیں ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سرمایہ کار کا اعتماد مٹی میں ملا دیا اور تحریک انصاف کی پالیسی کے نتیجے میں سی پیک منصوبے عملاً مفلوج ہو کر رہ گئے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ ریلوے کے لیے صرف 16 ارب روپے مختص کیے جبکہ ایم ایل ون 6 سے 8 ارب روپے کا منصوبہ ہے۔

مزید پڑھیں: پشاور بس منصوبے کا افتتاح غیر معینہ مدت تک ملتوی

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ہمارے دور اقتدار میں 100 سے زیادہ جلسے کیے اور 4 ماہ تک اسلام آباد لاک ڈاٶن کیے رکھا لیکن آج پیمرا نے مسلم لیگ (ن) کی کوریج پر پابندی لگادی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ’نواز شریف فوبیہ‘ میں ملک تباہ کردیا جبکہ ہمارے پاس 2025 کا وژن تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں