برطانوی اخبار میں جھوٹی خبر عمران خان نے شائع کروائی، مریم اورنگ زیب

29 جولائ 2019
مریم اورنگ زیب کے مطابق حکومت نے جھوٹی خبر شائع کروادی ہے—فائل/فوٹو:اے پی
مریم اورنگ زیب کے مطابق حکومت نے جھوٹی خبر شائع کروادی ہے—فائل/فوٹو:اے پی

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ترجمان مریم اورنگ زیب برطانوی اخبار ڈیلی میل کی خبر کی ذمہ داری حکومت پر ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے شہزاد اکبر کے ذریعے جھوٹی خبر شائع کروا دی۔

مریم اورنگ زیب نے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ڈیلی میل کے خلاف ہتک عزت کے دعوے پر حکومت کس حیثیت میں جواب دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ برطانوی اخبار کے خلاف شہباز شریف کے ہتک عزت کے دعوے پر شہزاد اکبر کی پریس کانفرنس کا کیا جواز بنتا ہے، دعویٰ اخبار کے خلاف ہوا ہے اور مرچیں حکومت کو لگی ہوئی ہیں۔

مریم اورنگ زیب نے حکومت کو خبر کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ٹانگیں اس لیے کانپ رہی ہیں کیوں کہ جھوٹی خبر حکومت نے چھپوائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکریسی ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقدمے کے قیدیوں اور حساس دستاویزات تک رسائی دی گئی حالانکہ معاملہ ابھی زیر تفتیش ہے اور انکوائری ختم نہیں ہوئی لیکن غیر ملکی رپورٹر کو رسائی دی گئی۔

مزید پڑھیں:برطانوی اخبار کی خبر: شہباز شریف کبھی لندن کی عدالت نہیں جائیں گے، شہزاد اکبر

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ میں نے پہلے دن کہا تھا اور آج بھی اپنی اس بات پر قائم ہوں کہ عمران صاحب نے شہزاد اکبر کے ذریعے برطانوی اخبار میں یہ جھوٹی خبر شائع کروائی اور حکومت کی باتیں اس امر کا واضح ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ثبوت ہوں تو حکومتیں پریس کانفرنسیں نہیں کیا کرتیں، ثبوت عدالتوں میں پیش کیا کرتی ہیں اس لیے حکومت یا شہزاداکبر کے پاس ثبوت ہیں تو وہ پریس کانفرنس نہ کریں بلکہ عدالت میں پیش کریں۔

حکومت پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس ثبوت ہوتے تو عمرے، حج اور دوروں کو نہ کھنگالا جارہا ہوتا۔

قبل ازیں شہزاد اکبر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ وہ برطانوی اخبار ڈیلی میل میں شائع خبر پر عدالت نہیں جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان کو یہ سودا بہت مہنگا پڑے گا، شہباز شریف

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ 14 جولائی کو ڈیلی میل نے خبر شائع کی جس کا بنیادی موضوع ہ تھا کہ اربوں ڈالر کی منی لانڈرنگ ہوئی جس میں برطانیہ کی سرزمین بھی استعمال ہوئی۔

شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ اس کرپشن میں شہباز شریف کے داماد کو ایرا کی فنڈنگ کے منصوبے سے براہ راست ادائیگیاں بھی کی گئیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ خبر شائع ہونے کے بعد شہباز شریف اور مسلم لیگ(ن) کی ترجمان نے پریس کانفرنسز کیں اور قوم سے وعدہ کیا کہ وہ لندن کی عدالتوں میں ڈیلی میل، وزیراعظم عمران خان اور میرے خلاف قانونی چارہ جوئی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں نے چیلنج کیا تھا کہ مجھے عدالت میں لے جائیں میں تمام ثبوت پیش کروں گا، شاید وہ اس دعوے سے ڈر گئے ہیں۔

شہزاد اکبر نے کہا کہ 25 جولائی کو ڈیلی میل کے خلاف مقدمے کا نام نہاد دعویٰ کیا گیا جبکہ اصل میں صرف اخبار کو شکایت کی گئی ہے، لہٰذا اگر شہباز شریف سچے ہیں تو عدالت میں جائیں۔

وزیراعظم معاون خصوصی نے کہا کہ شہباز شریف نے دوسرا دعویٰ کیا تھا کہ شہزاد اکبر کو عدالت میں لے کر جائیں گے کیونکہ بقول شہباز شریف ان کے خلاف خبر کروائی گئی، اگر ایسی بات ہے تو میرے خلاف مقدمہ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں