سندھ میں بارش: تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں 30 جولائی کو تعطیل کا اعلان

اپ ڈیٹ 30 جولائ 2019
سندھ میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ — فائل فوٹو: ٹوئٹر
سندھ میں بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ — فائل فوٹو: ٹوئٹر

محکمہ تعلیم سندھ حکومت نے کراچی سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں ہونے والی بارش کے پیش نظر صوبے بھر کے سرکاری اور نجی اسکولوں میں عام تعطیل کا اعلان کردیا۔

سیکریٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق کل (30 جولائی کو) کراچی سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں اسکول اور دیگر تعلیمی اداروں بند رہیں گے۔

انہوں نے تمام ڈائریکٹران کو اپنے ضلعی و تعلقہ افسران کو فیلڈ میں بھیجنے کے احکامات بھی جاری کردیے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے پرائمری اسکولوں میں اردو کو ذریعہ تعلیم بنانے کا اعلان

سیکریٹری تعلیم کا نوٹیفکیشن میں کہنا تھا کہ افسران اپنے اپنے علاقوں میں جائیں اور اسکولوں سے فوری پانی نکلوانے کے لیے اقدامات کریں۔

قاضی شاہد پرویز نے مزید کہا کہ کسی بھی اسکول کی چھت پر پانی جمع نہیں ہونا چاہیے، اور اس ضمن میں کوئی بھی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

کراچی میں بارش

صوبہ سندھ کے مختلف علاقوں میں بھی مون سون سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوگیا اور پیر کے روز علی الصبح ہونے والی ہلکی اور تیز بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہونے والی بارش کی وجہ سے اسکولوں میں طلباء کی حاضری کم رہی جبکہ دفاتر اور کام پر جانے والے افراد کو بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی جی سندھ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس اہلکاروں کو فوراً پہنچنے اور امدادی کارروائیاں کرنے کی ہدایت جاری کیں۔

بارش کے باعث کرنٹ لگنے سے کراچی میں کلفٹن کے علاقے زمزمہ میں ایک شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔

حیدرآباد میں بارش

سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق حیدرآباد میں صبح 3 بجے بارش کا آغاز ہوا اور اب تک 38 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے، بارش کے باعث متعدد علاقے بجلی سے محروم اور نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے۔

یہ بھی دیکھیں: راولپنڈی میں مسلسل بارش، پانی گھروں میں داخل

بارش کی وجہ سے دفاتر میں بھی حاضری معمول سے کم رہی جبکہ سڑکوں سے ٹریفک بھی غائب رہا۔

مون سون سیزن کے پیشِ نظر کے الیکٹرک نے شہریوں کے لیے حفاظتی تدابیر اختیار کرنے کا انتباہ جاری کر رکھا ہے جس میں بارش کے دوران گیلے ہاتھوں سے برقی آلات نہ چھونے، بجلی کے کھمبے، درختوں یا پی ایم ٹی کے قریب نہ جانے جبکہ بچوں کو بجلی کے ساکٹ سے دور رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

سندھ میں مون سون سیزن کا آغاز

بارش کا یہ سلسلہ صرف کراچی تک محدود نہیں بلکہ سندھ کے مختلف علاقوں مثلاً حیدرآباد، سکھر، عمر کوٹ، اسلام کوٹ، مٹھی میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

تھرپارکر میں ایک سال کی خشک سالی ختم ہونے پر عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا: بارش کے دوران مختلف حادثات میں 8 بچوں سمیت 14 افراد ہلاک

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت میر پور خاص، ٹھٹہ، حیدرآباد، نواب شاہ، سکھر، لاڑکانہ ڈویژن اور ملحقہ علاقوں میں پیر کے روز گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان تھا۔

اس کے علاوہ مون سون بارش کا یہ سلسلہ 2 روز سے زائد جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ کئی روز سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر سے منگل کے دوران موسلا دھار بارش سے کراچی، ٹھٹھہ اور حیدرآباد ڈویژن میں نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں جبکہ قلات، سبی اور ژوب میں دریاؤں، برساتی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں