حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ، کراچی کے ایک ضلع کیلئے 2020 تک پانی کا ذخیرہ

31 جولائ 2019
بارش کے باعث ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا—فائل فوٹو: کریٹو کامنز
بارش کے باعث ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوا—فائل فوٹو: کریٹو کامنز

کراچی اور اس کے ملحقہ علاقوں میں جہاں بارش سے مشکلات میں اضافہ ہوا وہی کہیں اس کے فائدہ بھی نظر آنے لگے اور شہر قائد کو پانی فراہم کرنے والے حب ڈیم میں پانی کی سطح میں اضافہ ہوگیا۔

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ (کے ڈبلیو ایس بی) کے منیجنگ ڈائریکٹ انجینئر اسداللہ خان کے مطابق حب کے کیچمنٹ علاقے مین برسات سے حب ڈیم کی سطح آب بڑھ گئی ہے اور ڈیم میں پانی کی سطح میں تقریباً 12 فٹ کا اضافہ ہوگیا ہے۔

مزید پڑھیں: کراچی میں پانی کے شدید بحران کا خدشہ

ایم ڈی کا کہنا تھا کہ حب ڈیم کی سطح آب 308 فٹ ہوگئی ہے اور کراچی کے ضلع غربی کے لیے دسمبر 2020 تک پانی کا ذخیرہ ہوگیا ہے۔

ساتھ ہی انہوں نے یہ بتایا کہ بارش کے بعد پانی کی سطح میں اضافہ ہوا اور ڈیم میں پانی کے آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

خیال رہے کہ حب ڈیم سے کراچی کے ضلع غربی کے مختلف علاقوں کو پانی فراہم کیا جاتا ہے اور اس کی سطح بڑھنے سے شہر کو درپیش پانی کے مسائل میں کچھ حد تک کمی واقع ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی:بارش رکنے باوجود مشکلات برقرار، کئی علاقوں میں بجلی غائب

یاد رہے کہ 29 اور 30 جولائی کو کراچی سمیت مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی تھی، بارشوں سے شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگی تھیں جبکہ ندی، نالوں میں طغیانی سے پانی آبادیوں میں داخل ہوگیا تھا، جس نے کئی شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور کردیا تھا۔

بارش کے باعث شہر کے رہائشی علاقوں سمیت واٹربورڈ کے پمپنگ اسٹیشنز کی بھی بجلی منقطع ہوگئی تھی، جس سے شہر میں پانی کی کمی کا سامنا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں