خاتون 5 ہزار فٹ بلندی سے گر کر کرشماتی طور پر بچنے میں کامیاب

اپ ڈیٹ 16 اگست 2019
یہ واقعہ اس علاقے میں پیش آیا — فوٹو بشکریہ ریڈیو کینیڈا
یہ واقعہ اس علاقے میں پیش آیا — فوٹو بشکریہ ریڈیو کینیڈا

کیا آپ تصور کرسکتے ہیں کہ کوئی طیارے سے اسکائی ڈائیونگ کے لیے چھلانگ لگائے اور پھر اسے علم ہو کہ پیراشوٹ تو کھل ہی نہیں رہا، مگر ہزاروں فٹ بلندی سے گر کر بھی زندہ بچ جائے؟

یہ کسی فلم کی کہانی نہیں بلکہ حقیقت ہے اور ایسا ہی واقعہ کینیڈا میں پیش آیا جہاں ایک خاتون 5 ہزار فٹ چھلانگ لگا کر زندہ بچ گئی۔

اس خاتون نے طیارے سے چھلانگ لگائی تو اس کا پیراشوٹ کھل نہیں سکا تھا۔

سی بی سی کی رپورٹ کے مطابق کیوبک کے علاقے Trois Rivieres میں یہ واقعہ پیش آیا اور 30 سالہ خاتون (نام سامنے نہیں آیا) اس وقت ہسپتال میں ہے۔

گزشتہ پیش آنے والے واقعے کے دوران خاتون کا پیراشوٹ کھل نہیں سکا تھا جبکہ بیک اپ نے بھی کام نہیں کیا جس کے بعد وہ اتنی بلندی سے زمین پر ٹکرائی۔

واقعے کے ایک شاہد نے ریڈیو کینیڈا کو بتایا 'یہ ایک کرشمہ تھا، میں نہیں جانتا کہ کوئی کسی طیارے سے گر کر اس طرح بچ سکتا ہے'۔

یہ خاتون طیارے سے چھلانگ لگانے کے بعد درختوں سے ٹکرائی تھی اور اس وقت گرنے کی رفتار 37 میل فی گھنٹہ تھی، جس کے باعث اس کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔

مقامی پولیس کے مطابق خاتون زخمی تو ہے مگر اس کی زندگی خطرے میں نہیں۔

اب پولیس کی جانب سے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہے تاکہ دیکھی جاسکے کہ یہ مجرمانہ غفلت کا نتیجہ تو نہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں