حزب المجاہدین کا مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی امن فوج بھیجنے کا مطالبہ

اپ ڈیٹ 02 ستمبر 2019
سپریم کمانڈر حزب المجاہدین نے مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کیا—فائل فوٹو: طارق نقاش
سپریم کمانڈر حزب المجاہدین نے مظفرآباد میں تقریب سے خطاب کیا—فائل فوٹو: طارق نقاش

مظفرآباد: حزب المجاہدین کے سپریم کمانڈر سید صلاح الدین نے اقوام متحدہ سے مقبوضہ کشمیر میں امن فوج کو تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔

ڈان اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق مظفر آباد میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران سید صلاح الدین نے مقبوضہ کشمیر کے حوالے خاص طور پر 5 اگست کے بھارتی اقدام کے بعد کی صورتحال پر بات کی۔

اس موقع پر انہوں نے مطالبہ کیا کہ لائن آف کنٹرول کے اس پار جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو انتہائی ضروری فوجی امداد فراہم کرنے کے لیے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کی امن فوج کو تعینات کیا جائے یا پاکستان، لائن آف کنٹرول کے اُس پار اپنی فوج کو بھیجے۔

مزید پڑھیں: پاکستان کی بھارت کو مذاکرات کی مشروط پیشکش

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے ساتھ ہی مقبوضہ وادی میں مکمل لاک ڈاؤن اور کرفیو نافذ ہے جبکہ وہاں مواصلاتی نظام بھی معطل ہے۔

بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آئین کے آرٹیکل 370 اور 35 اے کا خاتمہ کرکے وادی کو 2 حصوں میں تقسیم کردیا تھا۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ وادی میں کرفیو اور پابندیاں کو 4 ہفتے گزرچکے ہیں اور مسلسل 29 روز کے لاک ڈاؤن سے مقبوضہ وادی میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت ہے۔

فورسز کی جانب سے سختیوں اور پابندیوں کے باوجود کشمیری عوام کی بڑی تعداد وادی کے مختلف علاقوں میں بڑے مظاہرے کرچکی ہے، مظاہروں کے دوران شیلنگ اور پیلٹ گن کے چھروں سے درجنوں افراد زخمی جبکہ ہزاروں گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی درد بھری داستانیں سامنے آنے لگیں

دوسری جانب اگر حزب المجاہدین کی بات کی جائے تو وہ کشمیر میں دیگر تنظیموں کی طرح بھارتی مظالم کے خلاف جدوجہد کر رہی ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ 8 جولائی 2016 کو حزب المجاہدین کے 22 سالہ کمانڈر برہان مظفر وانی کو بھارتی فوج نے مبینہ طور پر ایک مقابلے میں شہید کردیا تھا، جس کے ساتھ ہی مقبوضہ وادی میں آزادی کی تحریک میں ایک نئی لہر پیدا ہوگئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں