کیا آپ کے بچوں کے بال بھی جھڑتے ہیں؟

اپ ڈیٹ 11 ستمبر 2019
چند عناصر اور جینز خاص طور پر بچے کی پیدائش کے بعد ابتدائی 6 ماہ کے دوران آپ کے بچے کے بال جھڑنے کی وجہ بن سکتے ہیں— شٹر اسٹاک
چند عناصر اور جینز خاص طور پر بچے کی پیدائش کے بعد ابتدائی 6 ماہ کے دوران آپ کے بچے کے بال جھڑنے کی وجہ بن سکتے ہیں— شٹر اسٹاک

اگر آپ یہ سوچتے اور سمجھتے ہیں کہ بال جھڑنے کا مسئلہ صرف بڑوں تک ہی محدود ہے تو آپ غلط ہیں کیونکہ 2 سال کے بچے کو بھی بال جھڑنے کا مسئلہ درپیش ہوسکتا ہے۔

یہ سن کر آپ کو شاید حیرانی ہوئی ہوگی لیکن یہ ایک بالکل عام سی بات ہے۔ چند عناصر اور جینز خاص طور پر بچے کی پیدائش کے بعد ابتدائی 6 ماہ کے دوران آپ کے بچے کے بال جھڑنے کی وجہ بن سکتے ہیں۔

ایسا کیوں ہوتا ہے؟

معاملہ یہ ہے کہ چند بچوں کے تو اپنی والدہ کے رحم میں ہی بال بڑھنا شروع ہوجاتے ہیں، لیکن زیادہ تر بچوں کے ہارمونز کی سطح میں کمی واقع ہوجاتی ہے جو ان کے ابتدائی 6 ماہ کے دوران ان کے بال جھڑ کی وجہ بن سکتی ہے۔ اس خاص قسم کے بال جھڑ کو ’ٹیلوجن افلوویم‘ (telogen effluvium) کہا جاتا ہے۔

بالغین کی ہی طرح بچوں کے اس ڈراؤنے بال جھڑ کی ایک دوسری وجہ کریڈل کیپ ہوسکتی ہے۔ (کریڈل کیپ نوزائیدہ کے سر کی جلد پر نظر آنے والے پیلے بھورے نشانوں کو کہا جاتا ہے)۔ اب چونکہ جب سر کے اوپری حصے کی کھال اور سیبم (جلد کی چکنائی) رگڑ کی وجہ سے اترنے لگتی ہیں تو اپنے ساتھ بالوں کو بھی لے جاتی ہیں۔

اگر آپ کا بچہ دیر تک ایک ہی حالت میں بیٹھا یا سوتا رہتا ہے تو اس کے سر کے مختلف حصوں پر گنجے پن کے آثار بھی نمایاں ہوسکتے ہیں۔ اگر بچہ اپنے بستر سے سر رگڑتا ہے تو اس کی وجہ سے بھی بچے کے سر پر گنجے پن کی نشانیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔

اگر آپ کے بڑے اور ایک سے 3 سالہ بچوں کو اپنے بال انگلیوں سے زور سے کھینچنے یا گھومانے کی عادت ہے تو انہیں بھی بال جھڑ کی شکایت ہوسکتی ہے۔ اس خاص قسم کے بال جھڑ کو ٹرائیکوٹلومینیا (trichotillomania) کہا جاتا ہے۔

بچاؤ اور علاج

بچوں کے گرتے بالوں کو روکنے کا کوئی گھریلو ٹوٹکا دستیاب نہیں ہے۔ ایک مخصوص وقت کے بعد آپ کے بچے کے بال دوبارہ بڑھنے لگیں گے۔ تاہم چند ایسی اضافی احتیاطی تدابیر ضرور ہیں جن کی مدد سے مزید بال جھڑ سے بچا جاسکتا ہے۔

اگر بچے کے زیادہ دیر تک ایک ہی حالت میں وقت گزارنے کے باعث گنج پن ہو رہا ہے تو دن یا رات میں جب بچہ سو رہا ہو تو وقتاً فوقتاً بچے کی کروٹ بدلتے رہنے کی کوشش کریں۔ اس طرح آپ کا بچہ فطری طور پر بستر سے باہر دیکھنے کے لیے اپنا منہ ایک طرف کرے گا اور یوں اس کے سر کا کوئی دوسرا حصہ بستر سے لگا ہوگا۔

اگر آپ کے بچے میں بال جھڑ کا مسئلہ کریڈل کیپ کی وجہ سے ہے تو آپ سر کی ان پرتوں میں نمی اور اس کے ٹھوس پن کو ختم کرنے کے لیے کھوپرے کا تیل استعمال کرسکتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں