الیکٹرونک میڈیا کے ڈائریکٹر نیوز، ایڈیٹرز پر مشتمل تنظیم بنانے کا فیصلہ

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2019
آئندہ اجلاس میں اس نئی تنظیم کو حتمی شکل دے دی جائے گی—تصویر:شٹراسٹاک
آئندہ اجلاس میں اس نئی تنظیم کو حتمی شکل دے دی جائے گی—تصویر:شٹراسٹاک

لاہور: ٹی وی چیننلز سے وابستہ سینئر صحافیوں نے لاہور میں ایک اجلاس کے دوران ڈائریکٹر نیوز اور ایڈیٹرز پر مشتمل نئی صحافتی تنظیم بنانے کا فیصلہ کرلیا۔

اس ضمن میں جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ الیکٹرونک میڈیا کی پیشہ ورانہ نمو اور آزادی اظہار رائے پر قدغن سمیت نیوز چیننلز کو درپیش مشکلات کا سامنا کرنے کے لیے ایک تنظیم کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’میڈیا ورکرز کی مرضی کے بغیر کوئی قانون ان پر مسلط نہیں کیا جائے گا

مجوزہ تنظیم کے آئین کی تیاری کے لیے شرکا نے کور کمیٹی پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا جس کے بعد آئندہ اجلاس میں اس کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

مذکورہ اجلاس میں کونسل آف نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے صدر عارف نظامی کی سربراہی میں سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک سمیت دیگر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

اس کے علاوہ اخبارات کے سینئر مدیران مجیب الرحمٰن شامی، ظفر عباس، سلیم بخاری، ایاز خان، سہیل وڑائچ اور عامر غوری بھی اجلاس میں شریک ہوئے اور اپنی قابلِ قدر تجاویز فراہم کی۔

مزید پڑھیں: ’میڈیا کے لیے اشتہارات کی نئی پالیسی میں تبدیلیاں لارہے ہیں‘

علاوہ ازیں مذکورہ اجلاس میں جیو ٹی وی کے اظہر عباس، فہد حسین (ایکسپریس نیوز)، راشد محمود (آج نیوز)، زاہد مظہر(ڈان نیوز)، فاضل جمیلی (جنگ ویب سائٹ)، عمران میر (آپ نیوز)، سرمد سالک (انڈس نیوز)، خرم کلیم (سٹی 42)، فاروق مجید (92 نیوز)، رانا جواد (جیو نیوز)، محمد عثمان (نیو ٹی وی)، انصار نقوی (24 نیوز)، فرحان ملک (سما ٹی وی)، احمد ولید (سما ٹی وی)، حبیب اکرم (دنیا ٹی وی)، میاں طاہر (24 نیوز) اور شیراز حسنات (ہم نیوز) بھی شریک ہوئے۔


یہ خبر 24 ستمبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں