حکومت کا 27 ستمبر کو 'یوم یکجہتی کشمیر' منانے کا اعلان

25 ستمبر 2019
یوم یک جہتی کشمیر کا مقصد کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنا ہے—فائل/فوٹو:رائٹرز
یوم یک جہتی کشمیر کا مقصد کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کو اجاگر کرنا ہے—فائل/فوٹو:رائٹرز

وفاقی حکومت نے بھارتی مظالم کے شکار مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لیے 27 ستمبر کو 'یوم یک جہتی کشمیر' منانے کا اعلان کردیا۔

وزارت داخلہ سے جاری نوٹی فکیشن کے مطابق 'مقبوضہ جموں و کشمیر کے معصوم بچوں کو بچانے کے نعرے کے تحت یوم یک جہتی کشمیر منایا جائے گا'۔

فوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے 27 ستمبر کو یوم یک جہتی کشمیر منانے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یک جہتی کے لیے پاکستان بھر میں عوامی ریلیاں نکالنے کی منظوری دے دی ہے'۔

وزارت داخلہ نے متعلقہ شعبوں کو اس حوالے سے کامیاب سرگرمیاں ترتیب دینے کی ہدایت کردی۔

یہ بھی پڑھیں:مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمے کے بعد قتل عام کا خدشہ ہے، وزیراعظم

خیال رہے کہ دفتر خارجہ میں قائم کشمیر سیل کی جانب سے دنیا کو مقبوضہ کشمیر میں مظالم اور بچوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کرنے کے لیے مختلف تجاویز دی گئی تھیں۔

کشمیر سیل کی جانب سے دی گئی تجاویز میں 'میں دہشت گردی کا شکار ہوں، مجھے کھانے، دوا اور دیکھ بھال کی ضرورت ہے، میرے والد کو واپس کردو، ہم بھی کھیلنا چاہتے' جیسے نعرے شامل تھے۔

اس کے علاوہ '#ہیومنزآف کشمیر اور #چلڈرن انڈرسیج' کے دو ہیش ٹیگز کی تجویز بھی دی گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 27 ستمبر کو خطاب کریں گے اور وزارت داخلہ نے اسی دن یوم یک جہتی کشمیر منانے کا اعلان کردیا ہے۔

اقوام متحدہ میں اپنے خطاب میں وزیراعظم مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظاہم کو اجاگر کریں گے اور بھارت کی جانب سے 5 اگست کو خصوصی حیثیت کے خاتمے کے ساتھ کیے گئے لاک ڈاؤن اور یک طرفہ کارروائیوں سے دنیا کو آگاہ کریں گے۔

27 اکتوبر کو یوم سیاہ

وزارت داخلہ کی جانب سے ایک اور نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق 27 اکتوبر کو کشمیریوں سے یک جہتی کے طور پر 'یوم سیاہ' منایا جائے گا۔

مزید پڑھیں:جنوبی ایشیا کی سلامتی مسئلہ کشمیر سے جڑی ہوئی ہے، اردوان

نوٹی فکیشن کے مطابق 27 اکتوبر کو پورے ملک میں قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یوم سیاہ کو کامیاب بنانے کے لیے ماتحت تمام اداروں کو ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ دنیا بھر میں موجود کشمیری ہر سال 27 اکتوبر کو بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیاہ مناتے ہیں۔

کشمیریوں کی جانب سے 27 اکتوبر کو یوم سیاہ منانے کا مقصد عالمی برادری کی توجہ بھارتی فورسز کے مظالم کے سامنے بے بس کشمیریوں کی حالت زار کی جانب دلانا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں