برطانوی شاہی جوڑا پہلے سرکاری دورے کے دوران پاکستان سے دیرینہ دوستی کا خواہاں

04 اکتوبر 2019
دورے کے دوران شاہی جوڑا پاکستان کے شہر اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات جائے گا، ترجمان شاہی خاندان — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر
دورے کے دوران شاہی جوڑا پاکستان کے شہر اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات جائے گا، ترجمان شاہی خاندان — فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

برطانیہ کے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن کا کہنا ہے کہ وہ 14 اکتوبر سے اپنے پہلے دورے کے دوران پاکستان سے دیرینہ تعلقات قائم کرنا چاہتے ہیں۔

برطانوی شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کے حوالے سے شاہی خاندان کے ترجمان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ 'برطانیہ کے پاکستان سے گہرے تعلقات ہیں اور شاہی خاندان پاکستان کے عوام سے دیرینہ دوستی قائم کرنا چاہتا ہے'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'دورے کے دوران شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ مڈلٹن برطانیہ اور پاکستان کے تعلقات کی تاریخ کو خراج عقیدت پیش کریں گے اور مستقبل کی جانب دیکھنے والے امنگوں سے بھرے پاکستان کی اصل تصویر عیاں کریں گے'۔

مزید پڑھیں: 'برطانوی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان کا دورہ کریں گے'

شہزادہ اور شہزادی کی موجودہ سرکاری رہائش گاہ کینسگٹن محل کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا کہ 'دورے کے دوران شاہی جوڑا پاکستان کے شہر اسلام آباد، لاہور اور شمالی علاقہ جات جائے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'شاہی جوڑا اپنے دورے کے دوران پاکستان میں 1000 کلومیٹر تک کے دائرے تک گھومے گا اور پاکستان کی ثقافت، اس کی متنوع برادری اور قدرتی خوبصورتی کو دیکھے گا'۔

بیان میں کہا گیا کہ 'دورے کے دوران شاہی جوڑا متعدد اداروں سے بھی بات چیت کرے گا جس کے ذریعے نوجوانوں کو باصلاحیت بنانے کے حوالے سے گفتگو ہوگی'۔

بیان کے مطابق 'پاکستان میں معیاری تعلیم تک رسائی بالخصوص لڑکیوں اور نوجوان خواتین کی تعلیم برطانیہ کی اولین ترجیح ہے'۔

ترجمان نے کہا کہ 'شہزادہ اور شہزادی پاکستانی نوجوانوں کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں اور ان کی مستقبل کے حوالے سے امیدیں سننا چاہتے ہیں'۔

یہ بھی پڑھیں: شاہی جوڑے کا بچے کی پیدائش لوگوں کی نظر سے دور رکھنے کا فیصلہ

شاہی جوڑے نے درخواست کی ہے کہ انہیں زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں سے ملنے کا موقع فراہم کیا جائے۔

بیان میں کہا گیا کہ 'شاہی جوڑا متعدد لوگوں سے ملے گا جن میں بچے، نوجوان، سرکاری عہدیداران، کاروباری برادری، فلاحی اداروں سے تعلق رکھنے والے افراد، معروف ثقافتی شخصیات اور معروف کھلاڑی شامل ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'دورے کا ایک اور اہم مقصد ماحولیاتی تبدیلی ہے، شہزادہ ولیم اور کیٹ مڈلٹن ماحولیاتی تبدیلی کے پاکستان اور دنیا پر پڑنے والے اثرات اور اس چیلنج سے لڑنے کے لیے اٹھائے گئے مثبت اقدامات کے حوالے سے معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'شاہی جوڑا پاکستان میں پیچیدہ سیکیورٹی معاملات کو سمجھنے کے لیے وقت گزارے گا اور اس حوالے سے برطانیہ اور پاکستان کے فوجی حکام سے ملاقات کرے گا'۔

خیال رہے کہ شاہی جوڑے نے دورہ پاکستان کا رواں سال جون کے مہینے میں اعلان کیا تھا۔

یہ ایک دہائی کے دوران ملک میں پہلا شاہی دورہ ہوگا۔

پاکستان کے دورے سے قبل شاہی جوڑے کی میزبانی پرنس کریم آغا خان نے لندن کنگس کروس میں آغا خان سینٹر میں کی تھی جہاں دونوں نے پاکستانی برادری سے ملاقاتیں بھی کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں