پولیس و ریسکیو اہلکاروں نے پہنچ کر ہتھیار تحویل میں لیا —فوٹو: انڈن نیوز
پولیس و ریسکیو اہلکاروں نے پہنچ کر ہتھیار تحویل میں لیا —فوٹو: انڈن نیوز

عام طور پر دنیا بھر سے ایسی خبریں سامنے آتی ہیں کہ انسان جانوروں کو گولیاں مارتے ہیں لیکن بعض مرتبہ ایسی خبریں بھی سامنے آتی ہیں کہ جانوروں نے انسانوں کو کچل کر مار ڈالا۔

لیکن اب امریکا سے ایک ایسی منفرد خبر سامنے آئی ہے جس نے پولیس کو بھی حیران کردیا۔

جی ہاں، امریکی ریاست اوکلوہاما سے خبر سامنے آئی ہے کہ وہاں ایک کتے نے خاتون کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے مقامی نشریاتی ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ کتے کی جانب سے خاتون کو گولی مارے جانے کے کی بات پر پولیس اور ریسکیو اہلکاروں کو بھی ابتدائی طور پر یقین نہیں آیا۔

رپورٹ کے مطابق کتے نے خاتون کو اس وقت فائرنگ کرکے زخمی کیا جب متاثرہ خاتون ایک اور مرد ساتھی کے ساتھ ٹرین اسٹیشن پہنچیں اور اپنی کار سے اتر کر ٹرین کا انتظار کرنے لگیں۔

رپورٹ کے مطابق جس خاتون کو کتے نے فائرنگ کرکے زخمی کیا، دراصل وہ خاتون ہی اپنے ساتھ ہتھیار لائیں تھیں جسے کتے نے چلاکر خاتون کو زخمی کیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جب خاتون اور مرد ٹرین کا انتطار کر رہے تھے، اسی وقت 7 ماہ کے کتے نے ان کی کار میں گھس کر 22 بور کے ہتھیار کو چلایا، جس سے تین گولیاں فائر ہوئیں اور ایک گولی خاتون کو ٹانگ میں لگی۔

واقعہ پیش آنے کے بعد خاتون نے ریسکیو اہلکاروں کو مطلع کیا جنہوں نے پہلے تو خاتون کی بات پر یقین ہی نہیں کیا، تاہم بعد ازاں اہلکاروں نے وہاں پہنچ کر حالات کا جائزہ لیا تو انہیں یقین آیا کہ واقعے خاتون کو کتے نے فائرنگ کرکے زخمی کیا۔

زخمی ہونے والی خاتون کو ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ کتے کے مالک کو ڈانٹ کر خبردار کیا گیا کہ آئندہ اسے ریلوے اسٹیشن کے قریب نہ لائے اور اس ہدایت کے بعد انہیں چھوڑ دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکا میں پہلی مرتبہ کسی کتے کی جانب سے فائرنگ کرکے انسان کو زخمی کرنے کا واقعہ پیش آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں