جسٹس امین الدین نے سپریم کورٹ کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

21 اکتوبر 2019
چیف جسٹس نے جسٹس امین الدین سے حلف لیا—اسکرین شاٹ
چیف جسٹس نے جسٹس امین الدین سے حلف لیا—اسکرین شاٹ

لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) کے سینئر جج جسٹس امین الدین خان نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔

حلف بردرای کی تقریب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ہوئی، جہاں چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے جسٹس امین الدین سے حلف لیا۔

اس موقع پر تقریب میں سپریم کورٹ کے ججز اور سینئر وکلا بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: سپریم کورٹ کے موجودہ 8 ججز چیف جسٹس بنیں گے

واضح رہے کہ جسٹس امین الدین خان کے تقرر کا نوٹیفکیشن گزشتہ ہفتے وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کیا گیا تھا اور وہ لاہور ہائی کورٹ کے 5ویں سینئر ترین جج تھے۔

اگر ان کے عدالتی سفر پر نظر ڈالیں تو جسٹس امین الدین خان نے 1985 میں ماتحت عدالتوں میں پریٹکس شروع کی، جس کے بعد 1987 میں وہ لاہور ہائی کورٹ کے اور پھر 2001 میں سپریم کورٹ کے ایڈووکیٹ مقرر ہوئے۔

انہوں نے 2001 میں ملتان میں ظفر لا چیمبر میں شمولیت اختیار کی اور جج کے عہدے پر پہنچنے سے قبل تک وہ اسی قانونی فرم کے ساتھ کام کرتے رہے، بعد ازاں 2011 میں ان کا بینچ کے لیے تقرر ہوگیا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس شیخ عظمت سعید نے قائم مقام چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھالیا

اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے میاں نثار احمد اور عمر عطا بندیال جیسے معروف وکلا کے ساتھ کام کیا۔

واضح رہے کہ جسٹس عمر عطا بندیال 2022 میں سپریم کورٹ کے چیف جسٹس بنیں گے۔

جسٹس امین الدین نے شہری معاملے کے ہزاروں کیسز کا فیصلہ کیا ہے اور ان کے بہت سے فیصلوں کو سپریم کورٹ نے برقرار رکھا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں