پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی مل گئی، بھارت بھی شرکت پر رضامند

اپ ڈیٹ 08 نومبر 2019
پاکستان پچھلے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان پچھلے کبڈی ورلڈ کپ میں شرکت نہیں کر سکا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کو تاریخ میں پہلی بار کبڈی ورلڈ کپ میزبانی مل گئی اور آئندہ سال ہونے والے عالمی ایونٹ میں بھارتی ٹیم نے بھی شرکت کی یقین دہانی کرا دی ہے۔

پاکستان آئندہ سال 12 جنوری سے کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا اور لاہور شہر اس 7 روزہ ایونٹ کی میزبانی کرے گا جس میں شرکت کے لیے بھارتی کبڈی فیڈریشن نے بھی رضامندی ظاہر کردی ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں کبڈی ورلڈ کپ، پاکستان کی شرکت پر پابندی

کبڈی ورلڈ کپ میں بھارت، ایران، امریکا، آسٹریلیا، انگلینڈ، کینیڈا شریک ہوں گے جبکہ کینیا، ناروے، نیوزی لینڈ اور جرمنی نے بھی شرکت کی خواہش ظاہر کی ہے۔

صدر پاکستان کبڈی فیڈریشن چوہدری شافع حسین نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کبڈی کا عالمی میلہ آئندہ سال پاکستان میں ہوگا اور لاہور 12 سے 18 جنوری تک کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں 10 ٹیمیں شرکت کریں گی جکہ دو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد میگا ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔

ایونٹ میں تین براعظموں کی ٹیمیں شامل ہوں گی جس میں پاکستان، بھارت، ایران، امریکا، برطانیہ، کینیڈا، کینیا اور سیرالیون کی ٹیمیں براہ راست شرکت کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: متنازع کبڈی ورلڈ کپ فائنل کی تحقیقات کا حکم

کبڈی ورلڈ کپ میں ناروے، اسپین، جرمنی، کیمرون اور دیگر ٹیموں میں سے دو ٹیمیں کوالیفائنگ راؤنڈ کے بعد عالمی ایونٹ کا حصہ بنیں گی۔

کبڈی ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کو ایک کروڑ، رنر اپ کو 75 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن کی ٹیم کو 50 لاکھ انعام دیا جائے گا۔

کبڈی ورلڈ کپ کے انعقاد کا آغاز 2010 میں ہوا تھا اور اب تک 6 ورلڈ کپ مقابلے منعقد ہو چکے ہیں جن میں سے پانچ میں پاکستانی کبڈی ٹیم نے شرکت کی تھی۔

اب تک ہونے والے تمام ورلڈ کپ مقابلے بھارت میں منعقد ہوئے جن میں سے چار کے فائنل میں قومی ٹیم کو شکست ہوئی جبکہ ایک میں قومی ٹیم تیسرے نمبر پر رہی تھی جبکہ آخری عالمی کپ میں قومی ٹیم شرکت نہیں کر سکی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں