نئی دہلی: انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف) نے رواں ہفتے ہندوستان کے مغربی شہر احمدآباد میں ہونے والے کبڈی ورلڈ کپ میں پاکستان کو شرکت سے روک دیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن (آئی کے ایف) کے سربراہ دیوراج چترویدی، جن کا تعلق ہندوستان سے ہے، نے کہا کہ دو جوہری ریاستوں کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث پاکستان کو ورلڈ کپ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔

اس ٹورنامنٹ میں ہندوستان، ایران، امریکا، آسٹریلیا،جنوبی افریقا، انگلینڈ، پولینڈ، کینیا اور ارجنٹینا کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔

چترویدی نے اے ایف پی کو بتایا، 'ہندوستان میں پاکستان کے کھیلنے کے لیے یہ مناسب وقت نہیں ہے'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن کا ایک قابل قدر رکن ہے لیکن موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے اور دونوں قوموں کے بہتر مفاد میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے پاکستان کو اس چیمیئن شپ سے باہر رکھا جائے۔'

دوسری جانب پاکستان نے انٹرنیشنل کبڈی فیڈریشن پر غیر منصفانہ سلوک کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ فیصلہ سیکیورٹی خدشات کے تحت ہی کیا گیا تو دونوں حریف ممالک کو ایونٹ سے باہر کیا جانا چاہیے۔

پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سیکریٹری رانا محمد سرور نے اے ایف پی کو بتایا، 'ہم نے اس مسئلے پر بات کرنے کے لیے ایک اجلاس بلوایا ہے، لیکن ایک بات واضح ہے کہ پاکستان کے بغیر کبڈی ورلڈ کپ، ورلڈ کپ نہیں ہوگا'۔

انھوں نے مزید کہا، 'یہ ایسے ہی ہے جیسے برازیل کے بغیر فٹبال ورلڈ کپ کا انعقاد کیا جائے'۔

مزید پڑھیں:ایشین بیچ گیمز: کبڈی کا گولڈ میڈل پاکستان کے نام

دوسری جانب پاکستان کبڈی ٹیم کے کپتان ناصر علی نے بتایا کہ ان کے کھلاڑی اس وقت بہتر فارم میں ہیں، جنھوں نے رواں برس مئی میں پاکستان میں ہونے والے 6 ملکی کبڈی کپ میں ہندوستان کو شکست دی اور گذشت ماہ ویتنام میں ہونے والے ایشین بیچ گیمز میں بھی ہندوستان کو شکست دے کر پہلی مرتبہ سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

ان کا کہنا تھا، 'ہم ہندوستان میں ہونے والے ورلڈ کپ میں انڈیا کو شکست دینے کے حوالے سے پرامید تھے'۔

واضح رہے کہ پاکستان اور ہندوستان کے درمیان تعلقات گذشتہ ماہ 18 ستمبر کو اوڑی حملے کے نتیجے میں 18 ہندوستانی فوجیوں کی ہلاکت کے بعد سے کشیدہ ہیں، جس پر جلتی پر تیل کا کام گذشتہ ہفتے لائن آف کنٹرول کے اطراف میں بھارت کے سرجیکل اسٹرائیکس کے دعوے نے کیا، جسے پاکستان نے سختی سے مسترد کرتے ہوئے اسے جھوٹا اور بے بنیاد قرار دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں