پنجاب: صوبائی حکام کو غیر مسلم ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت

اپ ڈیٹ 16 نومبر 2019
اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق سہولیات کی فراہمی اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا — فوٹو: ٹوئٹر
اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق سہولیات کی فراہمی اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا — فوٹو: ٹوئٹر

لاہور: صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عثمان بزدار نے متعلقہ حکام کو صوبے بھر میں غیر مسلم ملازمین کا ڈیٹا مرتب کرنے کی ہدایت کردی تاکہ ان کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔

وزیراعلیٰ نے مذکورہ ہدایت ڈاکٹر شعیب سڈل کی زیر صدارت اقلیتی حقوق کے قومی کمیشن کے وفد سے ملاقات میں دی۔

مزید پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان خان، بزدار قبیلے کے 9ویں سردار منتخب

اجلاس میں اقلیتوں کی فلاح و بہبود سے متعلق سہولیات کی فراہمی اور امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

عمثان بزدار نے کہا کہ اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے پنجاب کو ایک ماڈل بنایا جارہا ہے اور 'پنجاب اقلیتی بااختیار پیکیج' اقلیتوں کی بہبود کے حوالے سے ایک مثالی پروگرام ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ یوحنا آباد کو 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ماڈل ایریا بنایا جائے گا۔

وزیراعلیٰ نے اقلیتوں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے ایک صوبائی فوکل پرسن کی تقرری کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو ان کے مذہبی تہوار پر سرکاری تعطیلات دی جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار فضائی حادثے میں بال بال بچ گئے

عثمان بزدار نے کہا کہ غیر مسلم طلبا کو ڈھائی کروڑ روپے کی تعلیمی وظائف دیے جائیں گے۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ ڈھائی کروڑ روپے کی ایک اور رقم غیر مسلم ریسرچ اسکالرز اور پوسٹ گریجویٹ طلبا میں بطور اسکالرشپ تقسیم کی جائے گی۔

عثمان بزدار نے غیر مسلم طلبا کو اپنے مذہبی تہواروں اور تقاریب کے دوران مسابقتی امتحانات میں شرکت سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز کے بارے میں بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں اقلیتوں کے لیے مختص اراضی واگزار کرائی جائے گی اور ساتھ ہی عثمان بزدار نے پولیس افسران سے کہا کہ وہ ذاتی طور پر گرجا گھروں کی سیکیورٹی چیک کریں۔

ڈاکٹر شعیب سڈل نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کمیشن کے مقاصد سے آگاہ کیا اور مزید کہا کہ پنجاب کی غیر مسلم برادریوں کے حقوق کے تحفظ اور سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ایک ماڈل کے طور پر ابھرے گا۔


یہ خبر 11 نومبر 2019 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (0) بند ہیں