احسن خان چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے خیر سگالی سفیر مقرر

اپ ڈیٹ 21 نومبر 2019
اداکار کو یہ اعزاز وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے دیا — فوٹو/ ٹوئٹر
اداکار کو یہ اعزاز وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے دیا — فوٹو/ ٹوئٹر

پاکستان کے نامور اداکار احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقرر کردیا گیا۔

لاہور میں بچوں کے عالمی دن کی مناسبت سے مقامی این جی او کی معاونت سے چائلڈ پروٹیکشن بیورو میں ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں وزیر اطلاعات پنجاب میاں اسلم اقبال نے شرکت کی۔

اس موقع پر احسن خان کے ساتھ ساتھ گلوکار علی ظفر بھی اس تقریب کا حصہ بنے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی چیئرپرسن سارہ احمد نے بھی اس تقریب کی تصاویر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کی۔

تقریب کے دوران اداکار احسن خان کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کا خیر سگالی سفیر مقرر کیا گیا، اس حوالے سے اداکار کا کہنا تھا کہ 'بچوں کے ساتھ ہونے والی بدسلوکی کو روکنا بےحد ضروری ہے اور حکومت کو بھی بچوں کی رہنمائی کے لیے اقدامات کرنے چاہیئں'۔

دوسری جانب علی ظفر کا تقریب کے دوران بچوں سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 'والدین کے علاوہ کوئی شخص قریب آئے تو فوری شور مچانا چاہیے'۔

اداکار ہمایوں سعید نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں احسن خان کو یہ اعزاز ملنے کی مبارکباد دی۔

ہمایوں سعید نے احسن خان کی تقریب کے دوران لی گئی ایک تصویر شیئر کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

کام کے حوالے سے بات کی جائے تو احسن خان اس وقت جیو ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ڈرامے 'الف' میں مصروف ہیں، اس کے علاوہ وہ بول انٹرٹینمنٹ پر بھی ایک ٹاک شو کی میزبانی کررہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں