پاکستان خطے میں کسی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا، وزیر اعظم

اپ ڈیٹ 08 جنوری 2020
شیخ عبداللہ سے ملاقات میں عمران خان نے سلطان قابوس بن سید السید کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا 
— فوٹو: اے پی پی
شیخ عبداللہ سے ملاقات میں عمران خان نے سلطان قابوس بن سید السید کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا — فوٹو: اے پی پی

وزیر اعظم عمران خان نے امریکا اور ایران تنازع کے تناظر میں کہا ہے کہ ماضی میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے پاکستان نے بہت نقصان اٹھایا تاہم اب ملک خطے میں کسی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے 'اے پی پی' کی رپورٹ کے مطابق عُمان کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور شیخ عبد اللہ بن محمد بن عبد اللہ السلامی سے ملاقات کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے اس موقف کو دہرایا کہ 'پاکستان ہمیشہ امن کے شراکت دار کے طور پر کردار ادا کرتا رہے گا'۔

مزید پڑھیں: امریکا ایران تنازع: عالمی سطح پر تیل اور سونے کی قیمتوں میں اضافہ

شیخ عبداللہ سے ملاقات میں عمران خان نے سلطان قابوس بن سید السید کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے ڈرون حملے کے ذریعے عراق میں ایران کی قدس فورس کے سربراہ قاسم سلیمانی کو ہلاک کردیا تھا جس کے باعث تہران نے واشنگٹن کو سنگین نتائج کی دھمکی تھی اور آج عراق میں امریکی ٹھکانوں پر 15 سے زائد میزائل داغے۔

پاکستان اور عُمان کے مابین روایتی طور پر قریبی برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور غیر انسانی لاک ڈاؤن کے نتیجے میں پیدا ہونے والی انسانیت سوز صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

یہ بھی پڑھیں: ایران میں 'ڈونلڈ ٹرمپ کے سر کی قیمت 8 کروڑ ڈالر مقرر'

عمران خان نے عمان کے وزیر برائے اوقاف و مذہبی امور شیخ عبد اللہ بن محمد بن عبد اللہ السلامی سے بھارت میں اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے امتیازی سلوک پر مبنی پالیسی کا تذکرہ بھی کیا۔

اس ضمن میں وزیراعظم عمران خان نے زور دے کر کہا کہ عالمی برادری کو موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات اٹھانے چاہیئں۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور خلیجی خطے میں حالیہ پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

خطے کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے امریکا اور ایران کے مابین کشیدگی کے خاتمہ کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ کسی کے مفاد میں نہیں ہے۔

مزید پڑھیں: ایران اور امریکا بات چیت کے ذریعے تنازع حل کریں، عالمی برادری کا مطالبہ

ماضی میں علاقائی تنازعات کی وجہ سے پاکستان کو ہونے والے نقصانات کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے وزیرِاعظم نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں کسی تنازع کا حصہ نہیں بنے گا۔

وزیر اعظم نے اختلافات اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے امریکا اور ایران، ایران اور سعودی عرب کے مابین رابطوں کی سہولت کے لیے اپنی کوششوں کا بھی ذکر کیا۔

عمران خان نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ امن کا شراکت دار رہے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں