'کڑہی کی ایک پلیٹ 80 روپے کی' مشی خان عمران خان پر برس پڑیں

اپ ڈیٹ 25 جنوری 2020
مشی خان کا شمار ماضی کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو: انسٹاگرام
مشی خان کا شمار ماضی کی کامیاب اداکاراؤں میں کیا جاتا ہے — فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان میں بڑھتی مہنگائی پر جہاں عوام سخت نالاں ہیں وہیں معروف شخصیات بھی اس پر تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔

ایسی ہی تنقید نامور اداکارہ و میزبان مشی خان نے بھی وزیراعظم عمران خان اور ان کی حکومت پر کی۔

مشی خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پاکستان میں بڑھتی مہنگائی پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

اپنی ویڈیو کے آغاز میں انہوں نے کہا کہ امید ہے ان کے مداح خیریت سے ہوں گے، جس کے بعد انہوں نے بتایا کہ چند روز قبل گھر کے قریب موجود ایک ڈھابے سے انہوں نے روٹی اور کڑہی پکوڑے کی ایک پلیٹ خریدی، البتہ ایک پلیٹ کی قیمت سن کر ان کا دل عام عوام کے لیے افسردہ ہوگیا۔

مذکورہ معاملے کی تفصیل بتاتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میں ڈھابہ نما ہوٹل پہنچی تو دل کرا کہ یہی سے کھانا خرید لوں، جب میں نے پوچھا کہ کیا بنا ہے تو بتایا گیا کہ کڑہی پکوڑا ہے، جس کی ایک پلیٹ کی قیمت 80 روپے تھی'۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

مشی خان کے مطابق 'جب میں واپس گھر آکر کھانا کھانے لگی تو مجھے احساس ہوا کہ کڑہی پکوڑے کی ایک پلیٹ جس میں صرف دو چھوٹے چھوٹے پکوڑے تھے وہ 80 روپے کی ہے، میں بس یہی سوچتی رہی کہ ایک عام آدمی جس کی اتنی تنخواہ نہیں، جو صحیح سے دو وقت کا کھانا بھی نہیں کھا پارہا، اسے شاید اس مہنگائی میں صرف ایک وقت کا کھانا میسر ہو جبکہ وہ اس بڑھتی مہنگائی کے ساتھ کیسے گزارا کررہا ہے'۔

اداکارہ نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 'عمران خان کا شکریہ جنہوں نے تبدیلی کے نام پر عوام پر ایسا بم گرایا کہ ہر روز گیس کی بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے، میں نہیں جانتی کہ بچارے عوام کس طرح گزارا کررہے ہیں، مجھے اس بات کا بےحد افسوس ہے'۔

خیال رہے کہ عمران خان کے دور حکومت میں پاکستان میں مہنگائی کی شرح 9 برسوں میں بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں