بغاوت کیس: عالمگیر وزیر کی درخواست ضمانت مسترد

اپ ڈیٹ 06 فروری 2020
عالمگیر وزیر پر بغاوت کا کیس درج کیا گیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر
عالمگیر وزیر پر بغاوت کا کیس درج کیا گیا تھا—فائل فوٹو: ٹوئٹر

لاہور ہائی کورٹ (ایل ایچ سی) نے بغاوت کیس میں پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی علی وزیر کے بھتیجے عالمگیر وزیر کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

واضح رہے کہ عالمگیر وزیر کو گزشتہ برس طلبہ یکجہتی مارچ میں شرکت کرنے اور مبینہ طور پر خطاب کرنے کے بعد لاہور میں گرفتار کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ سول لائن پولیس نے علی وزیر اور طلبہ یکجہتی مارچ کے دیگر نمایاں شرکا کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 124 اے (بغاوت)، 290 (عوام کو پریشان کرنے) اور 291 اور پنجاب ساؤنڈ سسٹم (ریگولر) ایکٹ 2015 اور پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر آرڈیننس 1960 کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بغاوت کے کیس میں گرفتار عالمگیر وزیر کا ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع

عدالت میں ہونے والی سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیش کاروں کی جانب سے کیے گئے آڈیو اور ویژول ثبوت مثبت آئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرنا پاکستان کے خلاف بولنے کے مترادف ہے۔

اس دوران عالمگیر وزیر کے وکیل اسد جمال کا کہنا تھا کہ ان کے موکل بے قصور ہیں اور کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ہیں جس کی بنیاد پر ان کے موکل کو مسلسل حراست میں رکھا جائے۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے دونوں وکلا کے دلائل سننے کے بعد عالمگیر وزیر کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔

یاد رہے کہ 29 نومبر کو ہونے والے طلبہ یکجہتی مارچ میں شرکت کرنے والے علی وزیر مبینہ طور پر اتوار کو لاپتہ ہوگئے تھے لیکن بعد ازاں یہ بات سامنے آئی تھی کہ وہ پنجاب پولیس کی حراست میں ہیں اور ان سمیت مارچ کے دیگر شرکا اور منتظمین کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: بغاوت کیس: عالمگیر وزیر کے جسمانی ریمانڈ کیلئے پولیس کی استدعا مسترد

عالمگیر وزیر کے خلاف درج ایف آئی آر میں شکایت کنندہ ایس آئی محمد نواز نے کہا تھا کہ وہ پیٹرولنگ پر تھے جب انہیں اطلاع ملی کہ عمار علی جان، فاروق طارق، اقبال لالہ، عالمگیر وزیر، محمد شبیر اور کامل خان کی قیادت میں 250 سے 300 افراد ریلی نکالی جارہی۔

انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ 'مقررین طلبہ کو ریاست اور اس کے اداروں کے خلاف اکسا رہے تھے اور ان کی تقاریر اور نعرے موبائل فون پر ریکارڈ ہیں اور انہیں پی پی آئی سی ڈی کیمروں سے بھی چیک کیا جاسکتا ہے'۔

واضح رہے کہ 29 نومبر کو ملک بھر میں اسٹوڈنٹ ایکشن کمیٹی (ایس اے سی) کی جانب سے طلبہ یونین کی بحالی سمیت مختلف مطالبات کی منظوری کے لیے 50 شہروں میں طلبہ یکجہتی مارچ کا انعقاد کیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں