تصور کریں کہ طیارے میں سفر کے دوران اچانک آپ کے سامنے کبوتر اڑنا شروع کردیں تو پھر؟

ایسا انوکھا واقعہ حقیقت میں گو ائیر نامی کمپنی کی پرواز کے دوران پیش آیا جب 2 کبوتروں نے کیبن میں اڑنا شروع کردیا۔

یہ پرواز شام 5 بجے احمد آباد ائیرپورٹ سے جے پور کے لیے روانہ ہونے والی تھی اور مسافر نشستوں پر بیٹھ چکے تھے ۔

پرواز روانہ ہونے سے چند منٹ قبل یہ کبوتر نمودار ہوئے جس سے مسافر اور عملے کے اراکین دنگ رہ گئے، جس کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔

اس واقعے کی ویڈیوز بھی وائرل ہوگئیں۔

ویڈیوز میں ایک کبوتر کو کیبن میں آگے اور پیچھے اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جس دوران عملے کے افراد جھک کر خود کو بچاتے رہے جبکہ مسافر ہنستے رہیں، ایک شخص نے ہاتھ اوپر اٹھا کر پرندوں کو پکڑنے کی ناکام کوشش بھی کی۔

تنگ آکر طیارے کے دروازے کھول دیئے گئے تاکہ کبوتر باہر نکل سکیں۔

لوگوں کے ٹوئٹس پر فضائی کمپنی کے حکام نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا 'ہم سمجھ سکتے ہیں کہ یہ وہ تجربہ نہیں جس کی آپ توقع کرتے ہیں اور ہم اس پر معذرت کرتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ عملے نے فوری طور پر پرندوں کو طیارے سے نکالا اور پرواز وقت پر روانہ ہوئی، تاہم مقامی میڈیا کے مطابق اس عجیب واقعے کے نتیجے میں پرواز کو 30 منٹ تاخیر کا سامنا ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں