’جیمز بانڈ‘ کے بعد مزید ہولی وڈ فلموں کی ریلیز کورونا کے باعث مؤخر

اپ ڈیٹ 13 مارچ 2020
جہاں فیوریس 9 اگلے سال ریلیز ہوگی وہیں اے کوائٹ پلیس کی ریلیز کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا — فوٹو: اسکرین شاٹ
جہاں فیوریس 9 اگلے سال ریلیز ہوگی وہیں اے کوائٹ پلیس کی ریلیز کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا — فوٹو: اسکرین شاٹ

دنیا بھر میں پھیلے کورونا وائرس کے خوف کے باعث جہاں بڑے اجتماعات کو عارضی طور پر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے وہیں ہولی وڈ کی بڑی پروڈکشن کمپنیوں نے بھی اپنی فلموں کی ریلیز مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا۔

رواں ماہ کے آغاز میں یونیورسل اسٹوڈیوز نے اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کے باعث بڑے بجٹ کے ساتھ بننے والی مشہور زمانہ ہولی وڈ فلم سیریز 'جیمز بانڈ' کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کی ریلیز مؤخر کردی گئی۔

نو ٹائم ٹو ڈائے اب نومبر میں ریلیز ہوگی — فوٹو: پرومو
نو ٹائم ٹو ڈائے اب نومبر میں ریلیز ہوگی — فوٹو: پرومو

جبکہ اب اس فلم کو رواں سال اپریل کے بجائے نومبر میں ریلیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اور اب 'فاسٹ اینڈ فیوریس' سیریز کی 9ویں فلم کی ریلیز بھی روکنے کا اعلان کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: میڈونا اور مائلی سائرس نے شو منسوخ کردیے

یونیورسل پکچرز نے اعلان کیا کہ رواں سال ریلیز ہونے والی فلم فاسٹ اینڈ فیوریس 9 کو اب اگلے سال 2 اپریل کو ریلیز کیا جائے گا۔

فلم فاسٹ اینڈ فیوریس 9 — فوٹو: اسکرین شاٹ
فلم فاسٹ اینڈ فیوریس 9 — فوٹو: اسکرین شاٹ

ہولی وڈ اداکار ون ڈیزل کی یہ ایکشن فلم دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والے ’کورونا وائرس‘ کے خوف کی وجہ سے منسوخ کی گئی۔

خیال رہے کہ فاسٹ اینڈ فیوریس 9 کو اس سے قبل 19 اپریل 2019 میں ریلیز کرنے کا ارادہ کیا گیا تھا تاہم بعدازاں یونیورسل اسٹوڈیوز نے اس کی ریلیز تاریخ بڑھانے کا اعلان کیا۔

دوسری جانب ہولی وڈ اسٹوڈیو پیراماؤنٹ پکچرز نے بھی اپنی تھرلر ہارر فلم 'اے کوائٹ پلیس 2' کی ریلیز کورونا وائرس کے باعث منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔

فلم اے کوائٹ پلیس — فوٹو: اسکرین شاٹ
فلم اے کوائٹ پلیس — فوٹو: اسکرین شاٹ

فلم 'اے کوائٹ پلیس 2' رواں سال 18 مارچ کو ریلیز ہونے جارہی تھی تاہم اب فلم کے ہدایت کار جان کراسینسکی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک پوسٹ کے ذریعے مداحوں کو بتایا کہ ابھی اس فلم کو ریلیز کرنے کا صحیح وقت نہیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

واضح رہے کہ فلم 'اے کوائٹ پلیس' ایک ایسے خاندان کی کہانی بیان کرتی ہے جو تمام انسانوں کے خاتمے کے بعد اپنی بقا کے لیے جدوجہد کررہی ہوتی ہے۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے 9 سال پرانی فلم کی مقبولیت میں اضافہ

فلم میں بظاہر کوئی ایسی مخلوق دکھائی گئی تھی جو ہر زندہ شے کا شکار آوازوں پر کرتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ فلم میں بچ جانے والا خاندان مکمل خاموشی سے زندگی گزار رہا ہوتا ہے جبکہ اپنے تحفظ کے لیے ہر وقت خوفزدہ رہتا ہے۔

خیال رہے کہ ’کورونا وائرس‘ کے پیش نظر چین میں فلموں کی نمائش منسوخ کرکے 70 ہزار سینما گھروں کو بند کردیا گیا تھا جس کی وجہ سے ابتدائی 2 ماہ میں ہی چین کی فلم انڈسٹری کو 2 ارب امریکی ڈالر یعنی پاکستانی تقریبا 3 کھرب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔

جہاں کورونا وائرس کی وجہ سے ہولی وڈ کی فلموں کی نمائش و شوٹنگ بھی منسوخ کی گئی وہیں کئی موسیقاروں نے بھی اپنے میوزیکل شوز کو منسوخ کیا جس کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ ہولی وڈ انڈسٹری کو بھی اربوں ڈالرز کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: چین میں 70 ہزار سینما بند

خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئے نوول کورونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا ہے کیونکہ یہ 100 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

اس وقت کووڈ 19 کا کوئی علاج اور ویکسین دستیاب نہیں تاہم اس کی علامات کا علاج کرکے بیشتر افراد صحت یاب ہوجاتے ہیں، اس سے بچاﺅ کا اچھا ذریعہ ہاتھوں کی صفائی، چہرے کو چھونے سے گریز، بیمار افراد کے قریب جانے سے بچنا ہے جبکہ کھانسی یا چھینکتے ہوئے منہ کو کہنی یا ٹشو سے ڈھانپنا بھی چاہیے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس دسمبر میں سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں پھیلنا شروع ہوا تھا اور اب تک 107 ممالک میں اس سے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 4251 ہلاک ہوچکے ہیں، مگر 65 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں