کورونا وائرس: امریکا میں ایک ہی دن میں ریکارڈ 1800 سے زائد ہلاکتیں

اپ ڈیٹ 08 اپريل 2020
امریکا میں ایک ہی روز میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ 1800 سے زائد ریکارڈ کی گئی - فائل فوٹو:رائٹرز
امریکا میں ایک ہی روز میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ 1800 سے زائد ریکارڈ کی گئی - فائل فوٹو:رائٹرز

کورونا وائرس: امریکا میں ایک ہی دن میں ہلاکتوں کی تعداد سب سے زیادہ ایک ہزار 800 سے زائد، ریکارڈ کی گئی۔

نیو یارک میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار سے زائد ہوگئیں جو 11 ستمبر 2001 کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد سے بھی زیادہ ہے۔

جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتوں سے ملک میں اموات کی مجموعی تعداد 13 ہزار کے قریب پہنچ گئی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس: امریکا میں ہلاکتیں 5 ہزار سے زائد، متاثرین سوا 2 لاکھ سے متجاوز

امریکا میں 3 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ تصدیق شدہ کیسز سامنے آچکے ہیں جو دنیا میں کسی بھی ملک میں سب سے زیادہ ہیں جبکہ عالمی سطح پر کیسز کی تعداد 14 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب نیو یارک اور یورپ کے دیگر حصوں میں بحران میں کمی کے آثار سامنے آرہے ہیں اور دوسری جانب وائرس کے مرکز چین کے شہر ووہان میں 76 روز بعد لاک ڈاؤن ختم کردیا گیا ہے۔

نیو یارک کے گورنر اینڈیو کومو کا کہنا تھا کہ ریاست میں ایک روز میں سب سے ہلاکتیں ریکارڈ کی گئیں جس کی وجہ سے نیوکر کے شہری شدید رنج و غم میں ہیں۔

تاہم انہوں نے حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں داخلے اور وینٹی لیٹر پر جانے والے مریضوں کی تعداد کم ہورہی ہے جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سماجی فاصلے کے اقدامات کامیاب ہورہے ہیں۔

گورنر کا کہنا تھا کہ اموات میں ایک روز میں اضافے کی وجہ سے خطرناک صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’آپ دیکھتے ہیں کہ ہم کیا کر رہے ہیں، اگر ہم وہ اقدامات نہ کرتے جو ہم کیے ہیں تو بہت مختلف صورتحال ہوتی تاہم فی الحال یہ کہہ سکتے ہیں کہ معاشرتی فاصلہ کام کررہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چین میں پہلی بار کورونا سے اموات نہ ہونے کی تصدیق

دوسری جانب برطانوی حکام کا کہنا تھا کہ لندن میں وزیر اعظم بورس جونسن کی حالت خطرے سے باہر ہوتی جارہی ہے اور وہ ہسپتال میں آکسیجن حاصل کر رہے ہیں اور وینٹی لیٹر پر نہیں ہیں۔

ان کی غیر موجودگی میں سیکریٹری خارجہ ڈومینک راب کو ملک کے انتظامات سنبھالنے کا کام سونپا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کابینہ میں ہم سب کے لیے وہ صرف ہمارے سربراہ ہی نہیں بلکہ ہمارے ساتھی بھی ہیں اور ہمارے قریبی دوست بھی‘۔

برطانیہ میں ہلاکتوں کی تعداد ایک روز میں تقریباً 800 افراد کی ہلاکت کے بعد 6 ہزار 200 کےقریب پہنچ چکی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں