امریکا اپنے شہریوں کی وطن واپسی کیلئے پاکستان سے 2 خصوصی پروازیں چلائے گا

اپ ڈیٹ 09 اپريل 2020
پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم امریکی اپنے وطن واپس جانے کے لییے اسلام آباد پہنچیں گے - فائل فوٹو:اے ایف پی
پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم امریکی اپنے وطن واپس جانے کے لییے اسلام آباد پہنچیں گے - فائل فوٹو:اے ایف پی

راولپنڈی: امریکا نے پاکستان میں پھنسے ہوئے اپنے شہریوں کو وطن واپس لانے کے لیے اسلام آباد سے واشنگٹن تک دو چارٹرڈ پروازیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں مقیم امریکی اپنے وطن واپس جانے کے لیے اسلام آباد پہنچیں گے۔

واشنگٹن کے لیے پہلی چارٹرڈ پرواز 10 اپریل کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے اور دوسری 12 اپریل کو روانہ ہوگی۔

مزید پڑھیں: کورونا وائرس نے امریکا کی تمام 50 ریاستوں کو لپیٹ میں لے لیا

کورونا وائرس پھیلنے اور سفری پابندیوں کے سبب جاری لاک ڈاؤن کے تناظر میں پنجاب پولیس کے سربراہ شعیب دستگیر سے درخواست کی گئی ہے کہ متعلقہ حکام کو ہدایت کریں کہ وہ ملک کے مختلف علاقوں سے اسلام آباد جانے والے امریکی شہریوں کی معاونت کریں۔

امریکا جانے کا ارادہ رکھنے والے مسافروں کو چیک ان شروع ہونے سے 3 گھنٹے قبل ایئرپورٹ پہنچنے کو کہا گیا ہے۔

ایئر پورٹ پہنچنے پر ہیلتھ اسکریننگ، سفارتخانے کے عملے کے ساتھ کاغذی کارروائی پر دستخط اور امیگریشن کا عمل مکمل کیا جائے گا۔

اگر مسافر پرواز سے دو گھنٹے پہلے ایئرپورٹ پہنچیں گے تو نہیں جہاز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

اسکریننگ کے دوران بخار یا فلو جیسی علامت پائے جانے والے مسافروں کو پرواز میں سوار ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس: امریکا میں 2 نوزائیدہ بچے بھی چل بسے

تصدیق شدہ ٹکٹ والے افراد سے کہا گیا کہ وہ ہوائی اڈے پر اور سفر کے دوران پہننے کے لیے اپنے ساتھ ماسک اور دستانے لے کر آئیں۔

مسافروں کو سفری دستاویزات، ہینڈ بیگ، پانی کی بوتلیں، کھانے پینے کی چیزیں اور تجویز کردہ ادویات اپنے ساتھ لے جانے کی اجازت ہوگی۔

اس سے قبل 22 مارچ کو امریکی سفارتخانے کے عملے کے 75 افراد خصوصی پرواز میں اپنے ملک کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں