کورونا وائرس: سندھ حکومت، آغا خان ہسپتال کے درمیان ڈاکٹروں کی تربیت کیلئے اشتراک

17 اپريل 2020
صوبہ سندھ میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے صحت کا نظام دباؤ میں ہے، ڈاکٹر عذرا پیچوہو
صوبہ سندھ میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے صحت کا نظام دباؤ میں ہے، ڈاکٹر عذرا پیچوہو

محکمہ صحت سندھ اور آغا خان ہسپتال کے درمیان صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو تربیت فراہم کرنے سے متعلق مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

حکومت سندھ نے صوبے کے سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی آغا خان یونیورسٹی ہسپتال کے ماہرین کی زیر نگرانی ٹریننگ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

محکمہ صحت سندھ اور آغا خان ہسپتال کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب کے دوران صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو ٹریننگ اور ٹیلی میڈیسن کی تربیت دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس ایمرجنسی کے دوران سرکاری ہسپتالوں کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو ٹریننگ اور ٹیلی میڈیسن کی تربیت دی جائے گی جس سے ڈاکٹر اور عملہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیش نظر آسانی سے کام کر سکے گے۔

یہ بھی پڑھیں: آغا خان، ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال میں کورونا وائرس کے نئے کیسز سے متعلق افواہیں مسترد

ان کا کہنا تھا کہ ٹریننگ میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو کورونا کے دوران وینٹی لیٹر اور سیفٹی مینیجمینٹ کے کورس کروائے جائیں گے، جس سے کورونا کے دوران ڈاکٹروں کی سیفٹی جو ایک اہم مسئلہ ہے اس پر بھی قابو پایا جائے گا اور اس تربیت سے کورونا وائرس کے ایمرجنسی میں ڈاکٹروں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوگا۔

وزیر صحت سندھ نے کہا کہ کورونا وائرس سے عالمی صحت کے نظام میں بہت سے مسائل کا سامنا ہوا ہے، صوبہ سندھ میں بھی کورونا وائرس کی وجہ سے صحت کا نظام دباؤ میں ہے اور ہم صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے سلسلے میں آغا خان جیسے اداروں سے تعاون جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور پنجاب کے بعد سندھ وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ صوبہ ہے۔

سندھ حکومت کو کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کے ٹیسٹ کے حوالے سے پہلے ہی آغا خان ہسپتال اور انڈس ہسپتال کا تعاون حاصل ہے۔

مزید پڑھیں: ٹیسٹنگ کیلئے آغا خان اور انڈس ہسپتال کا تعاون حاصل ہے، وزیر اعلیٰ سندھ

تاہم آغا خان ہسپتال اور سندھ حکومت کے درمیان اس اشتراک سے کورونا کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے میں بھی مدد مل سکے گی۔

ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد پر نظر ڈالیں تو یہ 7 ہزار 289 ہوگئی، جبکہ اموات 137تک پہنچ گئی ہیں۔

گزشتہ 2 روز سے ملک میں اموات کی شرح میں اچانک بہت زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے اور ایک روز میں 17 اموات تک ریکارڈ کی گئی ہیں، جو پاکستان میں کورونا وائرس سے ایک روز مرنے والوں کی ریکارڈ تعداد ہے۔

اسی طرح کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے جس کی ایک وجہ ٹیسٹ میں اضافے کو بھی بتایا جارہا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں