پاک بھارت ویمن سیریز کے پوائنٹس یکساں تقسیم ہونے پر پی سی بی مایوس

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2020
آئی سی سی نے پاک بھارت ویمن کرکٹ سیریز کے پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی
آئی سی سی نے پاک بھارت ویمن کرکٹ سیریز کے پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے تھے— فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کی جانب سے انکار کے باوجود پاک بھارت ویمن کرکٹ سیریز کے پوائنٹس کی یکساں تقسیم پر مایوسی کا اظہار کردیا۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان سیریز آئی سی سی ویمن چیمپیئن شپ کا حصہ تھی لیکن بھارت نے یہ کہہ کر سیریز کھیلنے سے انکار کردیا تھا کہ پاکستان سے کشیدہ تعلقات کے باعث انہیں اپنی حکومت سے پاکستان کی میزبانی کرنے کی اجازت نہیں ملی۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے سیریز کے پوائنٹس تقسیم، بھارت نے 2021 ویمن ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیا

آئی سی سی نے اس معاملے کو غیرمعمولی حالات تصور کرتے ہوئے دونوں ٹیموں میں سیریز کے پوائنٹس یکساں تقسیم کر دیے تھے جس پر پاکستان نے انتہائی حیرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے ناانصافی قرار دیا تھا کیونکہ سیریز بھارت کی جانب سے منسوخ کی گئی تھی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اس فیصلے کی بدولت بھارت نے 2021 ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرلیا حالانکہ اگر سیریز کے تمام 6 پوائنٹس پاکستان کو ملتے تو گرین شرٹس ورلڈ کپ کے لیے براہ راست کوالیفائی کر لیتے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ ہمیں اس فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے لیکن ہماری بورڈ کی ٹیم اس فیصلے کا جائزہ لے رہی ہے اور اس کے بعد ہی ہم اس فیصلے پر کوئی تبصرہ ہو سکتے ہیں۔

کرک انفو کے مطابق پی سی بی اس وقت آئی سی سی سے رابطے میں ہے تاہم بورڈ نے اس معاملے پر مکمل خاموشی اختیار کر رکھی ہے، آنے والے دنوں میں پی سی بی کی جانب سے معاملے پر بیان متوقع ہے البتہ اگر یہ بیان دیر سے جاری کیا جاتا ہے تو اس کی زیادہ اہمیت نہیں رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کے باعث آئی پی ایل غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کے گزشتہ دونوں ہونے والے اجلاسوں میں ان دوطرفہ سیریز کے حوالے سے بات کرنے کی کوشش کی تھی لیکن انہیں بی سی سی آئی کی جانب سے کوئی معنی خیز جواب موصول نہیں ہوا تھا۔

اس سے قبل جب بھارت نے پاکستان سے کھیلنے سے انکار کیا تھا تو آئی سی سی نے پاکستان کو پورے پوائنٹس دے دیے تھے لیکن اس مرتبہ فیصلے میں بھارت کے ساتھ رعایت برتی گئی ہے۔

اس کی واضح طور پر وجہ یہ نظر آتی ہے کہ اس سے قبل بھارتی کرکٹ حکام نے سیریز نہ کھیلنے کی کوئی وجہ تحریری طور پر بیان نہیں کی تھی لیکن اس مرتبہ انہوں نے آئی سی سی کو پہلے ہی واضح کردیا تھا کہ وہ کیوں پاکستان کے ساتھ کھیلنا نہیں چاہتے۔

تبصرے (0) بند ہیں