رمضان سے متعلق اعلامیے پر عمل درآمد علما کا امتحان ہے، معاون خصوصی

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2020
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں پریس کانفرس کر رہی تھیں - فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سیالکوٹ میں پریس کانفرس کر رہی تھیں - فوٹو: ڈان نیوز

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ علمائے کرام کے لیے رمضان المبارک میں نماز کے دوران حفاظتی تدابیر اپنانے کے حوالے سے 20 نکاتی حکمت عملی پر عمل درآمد ان کا امتحان ہے۔

سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کے دوران ان کا کہنا تھا کہ مذہبی اسکالرز کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں اور انہیں عوام میں اس وبا کے حوالے سے آگاہی پھیلانی چاہیے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کے دوران میڈیا نمائندگان کو ذاتی حفاظت کے آلات بھی تقسیم کیے۔

مزید پڑھیں: کراچی: مزدوروں کی اجرت، بقایا جات کی ادائیگی کے لیے احتجاج

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا وائرس کو روکنے اور بے روزگاری کم کرنے کے لیے حکمت عملی اپنا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت 144 ارب روپے عوام میں تقسیم کیے گئے ہیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم جلد چھوٹے کاروبار اور وہ کاروبار جو جزوی لاک ڈاؤن کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں، ایک پیکج کا اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسمگلنگ اور کھانے پینے کی چیزوں کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے بھی اقدامات کیے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں دور دراز علاقوں میں موبائل یوٹیلیٹی اسٹورز ضروری اشیا عوام کو فراہم کریں گی۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 8 ہزار کے قریب، اموات 148 ہوگئیں

قبل ازیں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا تھا کہ صدر مملکت کا علماء سے مشاورت کے بعد متفقہ اعلامیہ نہایت خوش آئند اقدام ہے۔

ٹوئٹر پر ایک جاری پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ ’کورونا وائرس کے خلاف جنگ اور قومی کاوشوں کو تقویت دینے میں علمائے کرام کا کردار نہایت اہم اور کلیدی ہے، مساجد کے منبر و محراب سے آنے والی آواز کا عوام خصوصی احترام کرتے اور نہایت توجہ سے سنتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ ’علمائے کرام شرعی احکامات کی پاسداری اور فرائض بجا لاتے ہوئے عوام کو احتیاطی تدابیر کے ضمن میں بھی رہنمائی فرمائیں، وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر، حفاظتی ضابطے کی پابندی اور نظم و ضبط کی تلقین اشد ضروری ہے‘۔

انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں گھروں میں رہ کر عبادات کریں، ماہ صیام کی رحمتوں سے ہر گھر منور ہوگا، رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ہر مسلمان گھر میں رہتے ہوئے اللہ تعالیٰ کی برکات و عنایات سمیٹے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں