بچے اب دادا اور نانا سے گلے مل سکتے ہیں، سوئس حکام

اپ ڈیٹ 29 اپريل 2020
سوئٹزرلینڈ نے پہلے بچوں کو بزرگ افراد سے ملنے سے روک دیا تھا — فوٹو: ایکسٹرا
سوئٹزرلینڈ نے پہلے بچوں کو بزرگ افراد سے ملنے سے روک دیا تھا — فوٹو: ایکسٹرا

یورپی ملک سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے کہا ہے کہ اب اگر 10 سال سے کم عمر بچے دادا، دادی، نانا، نانی یا اسی عمر کے بزرگ افراد سے گلے ملنا چاہیں تو وہ ایسا کر سکتے ہیں۔

سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے کورونا وائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کے باعث گزشتہ ماہ مارچ کے آغاز میں ملک بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے لوگوں کو گھروں تک محدود رہنے کی ہدایات کی تھیں۔

سوئٹزرلینڈ میں جہاں عوامی مقامات بند کردیے گئے تھے، وہیں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بند تھی جب کہ لوگوں کو ایک دوسرے سے ملنے اور گلے لگانے کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں۔

حکومت نے کم عمر بچوں کو ہدایات کی تھیں کہ وہ کسی بھی صورت میں دادا، دادی، نانا، نانی یا ان کی عمر کے افراد سے گلے نہ ملیں۔

سوئس حکام اور ماہرین صحت کا خیال تھا کہ کم عمر بچوں کی جانب سے بزرگ افراد سے گلے ملنے سے کورونا کی وبا پھیل سکتی ہے تاہم اب حکومت نے 5 ہفتوں بعد بچوں کو اپنے دادا، دادی اور نانا، نانی سے گلے ملنے کی اجازت بھی دے دی۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا وائرس کب ختم ہوگا؟

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق سوئٹزرلینڈ کی حکومت نے 29 اپریل کو اعلان کیا کہ اب 10 سال سے کم عمر بچے بھی دادا، دادی اور نانا، نانی سے گلے مل سکتے ہیں۔

وزارت صحت کی باڈی انفکیشز ڈیزیز کے سربراہ ڈینیئل کوچ کا کہنا تھا کہ سائنسدانوں نے اس بات کا پتہ لگالیا ہے کہ بچے وائرس منتقل نہیں کرتے۔

نیوز کانفرنس کے دوران ڈینینئل کوچ نے اعتراف کیا کہ بچوں کو دادا اور نانا سے اس لیے دور رکھنے کا مشورہ دیا گیا تھا، کیوں کہ اس وقت ماہرین کو اس ضمن میں زیادہ معلومات نہیں تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کے لیے مختلف حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طور پر بچوں کو اپنے گھر کے عمر رسیدہ افراد سے دور رکھا گیا تھا۔

سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ ماہرین نے اب پتہ لگایا ہے کہ کم عمر بچے اس وبا سے متاثر نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ وائرس کو دوسرے میں منتقل کرتے ہیں، کیوں کہ بچوں میں مذکورہ وائرس کو پکڑنے والی صلاحیت نہیں ہوتی۔

اپنی پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ بہت سارے بزرگ افراد یعنی دادا، دادی، نانا اور نانی اپنے بچوں کی اولاد کو دیکھ کر ہی زندہ رہتے ہیں اور بچے ان کی ذہنی صحت کے لیے بھی فائدہ مند ہوتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ دراصل بچے نہیں بلکہ بچوں کے والدین ہی بچوں کے دادا اور دادی کے لیے خطرہ ہیں۔

مزید پڑھیں: چین میں تعلیمی ادارے کھل گئے، اسپین میں بچوں کو باہر جانے کی اجازت

انہوں نے اعلان کیا کہ اب 10 سال تک کی عمر کے بچے اپنے دادا، دادی اور نانا، نانی سے مل سکتے ہیں، تاہم اب بھی انہیں احتیاط کرنے کی ضرورت ہے، وہ گلے ضرور ملیں لیکن بہت زیادہ دیر تک بغل گیر نہ رہیں تو بہتر ہے۔

سوئٹزرلینڈ کی حکومت کی جانب سے بچوں کو اپنے دادا، دادی اور نانا، نانی سے ملنے کی اجازت ایک ایسے وقت میں دی گئی ہے جب کہ سوئٹزرلینڈ نے ملک بھر میں نافذ لاک ڈاؤن میں بھی نرمی کردی ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں اب حجاموں کی دکانوں سمیت دیگر عام کاروباری شعبوں کو بھی ہفتے میں دو دن تک کھولنے کی اجازت دی گئی ہے جب کہ وہاں بھی ضروری اشیا کے کاروبار پہلے سے ہی کھلے ہوئے تھے۔

سوئٹزرلینڈ میں 29 اپریل کی سہ پہر تک کورونا کے مریضوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہزار کے قریب جا پہنچی تھی جب کہ وہاں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 1700 تک جا پہنچی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں