دورہ انگلینڈ: خوشدل کے انگوٹھے میں فریکچر، حارث کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

اپ ڈیٹ 27 جولائ 2020
خوشدل شاہ انجری کا شکار ہو گئے جبکہ حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا— فائل فوٹو بشکریہ پی سی بی/ کرکٹ آسٹریلیا
خوشدل شاہ انجری کا شکار ہو گئے جبکہ حارث رؤف کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا— فائل فوٹو بشکریہ پی سی بی/ کرکٹ آسٹریلیا

قومی ٹیم دورہ انگلینڈ میں سیریز کے آغاز سے قبل ہی مشکلات سے دوچار ہو گئی ہے اور نوجوان بلے باز خوشدل شاہ انگوٹھے میں فریکچر کے سبب 3 ہفتے کے لیے باہر ہو گئے ہیں جبکہ حارث رؤف کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خوشدل شاہ اس وقت اسکواڈ کے مابین کھیلے جا رہے 4 روزہ میچ میں شریک نہیں ہیں اور 24 سے 27 جولائی تک ڈربی میں کھیلے جانے والے دوسرے 4 روزہ میچ کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

مزید پڑھیں: عابد علی پریکٹس میچ کے دوران بڑی انجری سے بال بال بچ گئے

خوشدل شاہ الٹے ہاتھ کے انگوٹھے کی انجری کا شکار ہوئے ہیں جس کی وجہ سے وہ تین ہفتے تک کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے۔

بیان کے مطابق ناخن اپنی جگہ برقرار ہے اور اس پر چوٹ نہیں آئی لہٰذا آرتھوپیڈک سرجن، ٹیم فزیشن اور ٹیم فزیو تھراپسٹ پرامید ہیں کہ خوشدل شاہ آئندہ ہفتے کے آخر میں ٹریننگ کا آغاز کر دیں گے۔

25سالہ خوشدل دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب پاکستان کے 29رکنی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نسیم اور عباس کی عمدہ فارم، انگلینڈ کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

دوسری جانب اسکواڈ میں شامل فاسٹ باؤلر حارث رؤف کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی انگلینڈ روانگی غیرمعینہ مدت تک مؤخر ہوگئی ہے۔

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق 26سالہ حارث رؤف کا ہفتے کو ٹیسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آ گیا۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ حارث رؤف کا گزشتہ کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور اگر ان کا ہفتے کا ٹیسٹ بھی منفی آتا تو وہ انگلینڈ کے لیے روانہ ہو جاتے۔

مزید پڑھیں: آئی پی ایل 2020 کا انعقاد متحدہ عرب امارات میں ہونے کا امکان

ترجمان کا کہنا تھا کہ اب پی سی بی کی میڈیکل ٹیم 10دن کے بعد فیصلہ کرے گی کہ فاسٹ باؤلر کا ٹیسٹ کب لینا ہے اور اب حارث کو ہدایت کی گئی ہے وہ لاہور میں ٹیم ہوٹل کو چھوڑ کر اپنے اہلخانہ کے ساتھ جا کر رہیں۔

اگر حارث اب کورونا کا ٹیسٹ کلیئر کرنے میں ناکام رہتے ہیں تو روہیل نذیر اسکواڈ کے ہمراہ انگلینڈ میں ہی رہیں گے۔

یاد رہے کہ پاکستانی ٹیم دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور تین ٹی20 میچوں کی سیریز کھیلی گی۔

تبصرے (0) بند ہیں