ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ سے نوجوان شدید زخمی

اپ ڈیٹ 21 جولائ 2020
20 سالہ نوجوان بلا اشتعال فائرنگ سے شدید زخمی ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی
20 سالہ نوجوان بلا اشتعال فائرنگ سے شدید زخمی ہوا—فائل فوٹو: اے ایف پی

لائن آف کنٹرول کے ساتھ بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ سے ایک نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے ساتھ بگسر سیکٹر میں جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں مہتکا گاؤں کا ایک 20 سالہ نوجوان شدید زخمی ہوگیا جسے ضروری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے خاتون زخمی

بھارتی سینئر سفارتکار کو طلب کرکے احتجاج

بھارتی اشتعال انگیزی پر بھارتی سینئر سفارت کار کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے احتجاجی مراسلہ ان کے حوالہ کیا اور کہا کہ قابض بھارتی افواج ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری کی مسلسل خلاف ورزیاں کرتے ہوئے آرٹلری، بھاری اور خودکار ہتھیاروں کے ذریعے عام شہری آبادیوں کو نشانہ بنا رہی ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ بھارتی سفارتکار کو بتایا گیا کہ شہری آبادیوں کو دانستہ نشانہ بنانا انتہائی قابل افسوس، انسانی عظمت و وقار، عالمی انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے صریحاً منافی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی ان خلاف ورزیوں سے علاقائی امن و سلامتی کو سنگین خطرات لاحق ہیں جس کا نتیجہ اسٹریٹیجک غلطی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے رواں سال کے دوران 1732 مرتبہ جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیاں کی ہیں جس میں 14 بیگناہ شہر ی شہید اور 134 زخمی ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں اضافہ دیکھا جارہا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے۔

بھارت کی اس اشتعال انگریزی پر آئے روز پاکستان میں تعینات بھارت کے سینئر سفارت کار کو دفترخارجہ طلب کرکے ان واقعات پر شدید احتجاج ریکارڈ کروایا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ 18 جولائی کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک ایک بیان میں کہا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی پر رکھ چکری اور بروہ سیکٹرز میں شہری آبادی پر فائرنگ کی۔

بیان میں کہا گیا تھا کہ بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے کِرنی اور گاہی گاؤں سے تعلق رکھنے والی 2 خواتین زخمی ہوگئیں۔

قبل ازیں 13 جولائی کو بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں عمر رسیدہ خاتون جاں بحق ہوئی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے سینئر سفارتکار کی دفتر خارجہ طلبی، ایل او سی فائرنگ پر احتجاج

مزید برآں 12 جولائی کو ایل او سی کے ساتھ مختلف سیکٹر پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ 6 شہری شدید زخمی ہوئے تھے۔

6 جولائی کو ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 5 شہری زخمی ہوگئے تھے، بھارتی فوجیوں نے ایل او سی پر نکیال سیکٹر میں رات گئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا تھا۔

اس سے ایک روز قبل یعنی 5 جولائی کو ایل او سی پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوگیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں