سونے کی قیمت میں ایک دن میں 4800 روپے کا اضافہ

05 اگست 2020

ای میل

10 گرام سونے کی قیمت میں 4116 روپے کا اضافہ ہوا — فائل فوٹو
10 گرام سونے کی قیمت میں 4116 روپے کا اضافہ ہوا — فائل فوٹو

پاکستان میں سونے کی فی تولہ قیمت میں مزید 4800 روپے کا اضافہ ہوگیا اور نئی قیمت ایک لاکھ 28 ہزار روپے سے زائد ہوگئی۔

عالمی مارکیٹ میں 24 قیراط سونے کی فی اونس قیمت 2041 ڈالر کی تاریخ ساز سطح پر پہنچ گئی ہے۔

اس کے نتیجے میں مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کی فی تولہ قیمت میں 4 ہزار 800 روپے کا بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا اور یہ ایک لاکھ 28 ہزار 700 روپے کی سطح پر پہنچ گئی۔

اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 4116 روپے کا اضافہ ہوا اور نئی قیمت ایک لاکھ 10 ہزار 340 روپے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی مارکیٹ میں قیمت میں کمی کے بعد فی تولہ سونا 1300 روپے سستا

سونے کے ساتھ فی تولہ چاندی کی قیمت بھی 130 روپے کے اضافے سے 1630 روپے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

واضح رہے کہ ایک ہفتے قبل عالمی مارکیٹ میں سونے کی فی اونس قیمت 9 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ کر 46 ڈالر کے اضافے سے ایک ہزار 942 ڈالر ہوگئی تھی۔

تاہم اب عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمت 2 ہزار ڈالر کی سطح بھی عبور کر چکی ہے۔

مقامی مارکیٹ میں گزشتہ دنوں سونے کی فی تولہ قیمت میں ایک روز میں 5 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ بھی ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں: سونے کی فی تولہ قیمت میں 5 ہزار روپے سے زائد کا اضافہ

ماہرین چین اور بھارت کی جانب سے سونے کی بڑھتی ہوئی خریداری، امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی میں اضافے سے اہم کرنسیوں کی قدر میں کمی، سونے میں سرمایہ کاری بڑھنے اور کورونا وائرس کے باعث پیدا ہونے والے معاشی بحران کو مقامی اور بین الاقوامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کی وجہ قرار دے رہے ہیں۔