• KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm
  • KHI: Maghrib 6:13pm Isha 7:28pm
  • LHR: Maghrib 5:40pm Isha 7:01pm
  • ISB: Maghrib 5:44pm Isha 7:07pm

ہاروی وائنسٹن کی خواتین کو ساڑھے 3 کروڑ ڈالر کے تصفیے کی پیش کش

شائع September 4, 2020
ہاروی وائنسٹن پہلے بھی تصفیے کی پیش کش کر چکے تھے—فائل فوٹو: رائٹرز
ہاروی وائنسٹن پہلے بھی تصفیے کی پیش کش کر چکے تھے—فائل فوٹو: رائٹرز

بدنام ہولی وڈ پروڈیوسر 68 سالہ ہاروی وائنسٹن نے رواں برس جولائی میں عدالت کی جانب سے پیسوں کے عوض خواتین کے ساتھ جنسی ہراسانی کا تصفیہ مسترد کیے جانے کے بعد دوبارہ خواتین کو بھاری معاوضے کی پیش کش کردی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق ہاروی وائنسٹن کی دیوالیہ فلم پروڈکشن کمپنی نے امریکی ریاست ڈیلاویئر کی وفاقی بینک رپٹسی عدالت میں نئے اور زیادہ معاوضے والے تصفیے کے دستاویزات جمع کرادیے۔

ہاروی وائنسٹن کی کمپنی کی جانب سے عدالت میں نئے پیش کیے گئے تصفیے میں خواتین کو 5 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی پیش کش کی گئی ہے۔

جہاں نئے تصفیے میں زیادہ پیسوں کی پیش کش کی گئی ہے، وہیں اس رقم کے عوض ہاروی وائنسٹن کے خلاف تمام امریکی ریاستوں اور نیویارک کے اٹارنی جنرل کے پاس دائر کیے گئے جنسی ہراسانی کے سول مقدمات کو ختم کرنے کی بات کہی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کا تصفیہ ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں طے

ہاروی وائنسٹن کی جانب سے پہلے ایک کروڑ 90 لاکھ امریکی ڈالر کے تصفیے کی پیش کش کی گئی تھی اور اب نئے تصفیے میں ایک کروڑ 72 لاکھ کا اضافہ کرکے مجموعی طور پر 3 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کے تصفیے کی پیش کش کی گئی ہے۔

فلم ساز کے پہلے تصفیےکو عدالت نے مسترد کردیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی
فلم ساز کے پہلے تصفیےکو عدالت نے مسترد کردیا تھا—فائل فوٹو: اے ایف پی

لیکن ساتھ ہی ہاروی وائنسٹن پر الزام لگانے والی ایک خاتون کے وکیل نے نئے تصفیے کی بھی مخالفت کردی۔

ہاروی وائنسٹن اور ان پر الزام لگانے والی خواتین کے درمیان ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر میں رواں برس 30 جون کو بھی طے پانے والے معاہدے کی کچھ خواتین نے مخالفت کی تھی، جس کی وجہ سے عدالت نے ان کا تصفیہ مسترد کردیا تھا۔

گزشتہ تصفیے کے حوالے سے چند خواتین نے الزام لگایا تھا کہ انہیں محض 10 سے 20 ہزار ڈالر کی رقم ملی جب کہ تصفیے میں دی گئی ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی رقم میں سے بہت زیادہ حصہ خود ہاروی وائنسٹن کی قانونی ٹیم کی فیس کی مد میں چلا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: ہاروی وائنسٹن کا پیسوں کے عوض ’جنسی ہراسانی‘ کا تصفیہ مسترد

اسی وجہ سے کچھ خواتین نے عدالت میں ان کے پہلے تصفیے کو بھی مسترد کرنے کی اپیل دائر کی تھی۔

ہاروی وائنسٹن کی جانب سے پیش کیے گئے نئے تصفیے کو بھی اس وقت ہی قبول کیا جائے گا، جب ان پر الزام لگانے والی تمام خواتین تصفیے سے مطمئن ہوں گی اور پھر امریکی قانونی عدالت اور وفاقی بینک رپسی عدالت تصفیے کی منظوری دے گی۔

ہاروی وائنسٹن کے تصفیے کا تعلق ان کے فوجداری مقدمات سے نہیں ہے، تصفیے کے خلاف صرف ان کے خلاف وہ مقدمات ختم ہوں گے، جن میں خواتین نے ان کے خلاف سول قوانین کے تحت ہرجانے کے دعوے دائر کر رکھے ہیں۔

ہاروی وائنسٹن رواں برس مارچ سے ایک خاتون کے ریپ کے الزام میں 23 سال جیل کی سزا کاٹ رہے ہیں، جب کہ ان کے خلاف ریپ و جنسی استحصال کے دیگر فوجداری مقدمات کا ٹرائل ہونا ابھی باقی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 7 اکتوبر 2024
کارٹون : 6 اکتوبر 2024