'ہاروی وائنسٹن نے بے دردی سے میرا ریپ کیا'

اپ ڈیٹ 27 جنوری 2020
نامور اداکارہ نے بھی ہولی وڈ پروڈیوسر پر الزامات لگادیے — فوٹو: اے ایف پی
نامور اداکارہ نے بھی ہولی وڈ پروڈیوسر پر الزامات لگادیے — فوٹو: اے ایف پی

امریکا کی نامور اداکارہ اینابیلا شیورہ نے ہولی وڈ پروڈیوسر ہاروی وائنسٹن کے خلاف زیر سماعت مقدمے میں بیان دیتے ہوئے الزام لگایا کہ پروڈیوسر نے 25 سال قبل ان کے گھر میں ان کا ریپ کیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق اینابیلا شیورہ نے عدالت کے سامنے ہاروی وائنسٹن پر الزام لگاتے ہوئے کہا کہ وہ زبردستی ان کے فلیٹ میں گھس گئے تھے اور انہوں نے ان پر حملہ بھی کیا۔

اداکارہ کے مطابق 'میں کوشش کر رہی تھی کہ کسی طرح خود کو ہاروی سے دور کروں، میں نے ایسا کرنے کے لیے انہیں مکے اور لاتیں بھی ماریں'۔

نیویارک کی عدالت میں زیر سماعت کیس ہاروی وائنسٹن کے لیے انتہائی اہم ہے—فوٹو: رائٹرز
نیویارک کی عدالت میں زیر سماعت کیس ہاروی وائنسٹن کے لیے انتہائی اہم ہے—فوٹو: رائٹرز

اپنے ساتھ ہوئے ناخوشگوار واقعے کو یاد کرتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ '1993 سے 1994 کے دوران میری ملاقات ہولی وڈ پروڈیوسر سے ہوئی، ہم ملتے اور ساتھ رات کا کھانا بھی کھاتے تھے، ایک رات ہاروی وائنسٹن نے مجھے میرے فلیٹ تک لفٹ دینے کی پیشکش کی جسے میں نے قبول کرلیا'۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 'جیسے ہی میں اپنے گھر میں داخل ہوئی تو تھوڑی دیر میں ہی محسوس ہوا کہ دروازے پر کوئی ہے، جب دروازہ کھولا تو سامنے ہاروی وائنسٹن کھڑے تھے جنہوں نے مجھے دھکا دیا، زبردستی کمرے میں لے کرگئے اور بعدازاں مجھے جنسی ہراساں کیا'۔

مزید پڑھیں: ہاروی وائنسٹن پر اہم ترین کیس میں ’ریپ‘ الزامات عائد

اینابیلا شیورہ کے مطابق وہ اس دوران خود کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتی رہیں لیکن ہاروی وائنسٹن نے انہیں ریپ کا نشانہ بنایا۔

اداکارہ نے الزام لگاتے ہوئے کہا کہ 'میں نے بہت کوشش کی کہ خود کو بچالوں تاہم میں ہاروی وائنسٹن کے آگے کافی کمزور تھی جبکہ انہوں نے میرے دونوں ہاتھ پکڑے ہوئے تھے'۔

اینابیلا شیورہ نے اپنے بیان میں بتایا کہ وہ اس وقت اس حد تک خوفزدہ ہوچکی تھیں کہ ان کا پورا جسم کانپ رہا تھا اور وہ بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا تھیں۔

ہاروی وائنسٹن پر اکتوبر 2017 میں پہلی بار خواتین نے الزام عائد کیا—فائل فوٹو: سی بی سی
ہاروی وائنسٹن پر اکتوبر 2017 میں پہلی بار خواتین نے الزام عائد کیا—فائل فوٹو: سی بی سی

اداکارہ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ جس دن انہیں ریپ کا نشانہ بنایا گیا اس کے چند روز بعد ہی ان کا پروڈیوسر سے دوبارہ سامنا ہوا اور اس وقت ہاروی وائنسٹن کا کہنا تھا کہ یہ راز صرف میرے اور ان کے درمیان ہی رہے گا۔

اینابیلا شیورہ کے مطابق اس واقعے کے بعد سے ہاروی وائنسٹن انہیں جنسی ہراساں کرتے رہے، 1997 میں کانز فیسٹیول کے دوران بھی ہاروی وائنسٹن نے ہوٹل میں ان کے کمرے میں داخل ہونے کی کوشش کی تاہم وہ اتنی خوفزدہ تھیں کہ کمرے سے باہر ہی نہیں نکلیں۔

دوسری جانب 67 سالہ ہاروی وائنسٹن نے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: ہاروی وائنسٹن پر جنسی جرائم کی مزید فرد جرم عائد

سماعت کے دوران پراسیکیوٹر نے اداکارہ سے سوال کیا کہ انہوں نے اس وقت پولیس کو یہ سب کیوں نہیں بتایا جس پر اداکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بےحد خوفزدہ تھیں۔

اداکارہ کے مطابق 'میں ہاروی وائنسٹن کو جانتی تھی، اس وقت مجھے نہیں معلوم تھا کہ اگر کسی کا ریپ ہوجائے تو اسے کھل کر بات کرنی چاہیے، میں یہی سمجھتی تھی کہ ریپ ہونے کی صورت میں خاموش رہنا واحد حل ہے'۔

اینابیلا شیورہ نے کہا کہہ اس واقعے نے انہیں اس حد تک صدمہ پہنچایا ہے کہ وہ شراب نوشی کی عادی ہوگئیں جبکہ خود کو نقصان پہنچانا بھی شروع کردیا۔

اداکارہ اینابیلا شیورہ نے بھی عدالت میں ہاروی وائنسٹن کے خلاف بیان ریکارڈ کروادیا — فوٹو:  سی این این
اداکارہ اینابیلا شیورہ نے بھی عدالت میں ہاروی وائنسٹن کے خلاف بیان ریکارڈ کروادیا — فوٹو: سی این این

خیال رہے کہ نیویارک کی عدالت میں ہاروی وائنسٹن کے خلاف 6 جنوری 2020 سے 2 خواتین کے ’ریپ‘ سے متعلق اہم کیس زیرسماعت ہے اور اگر ان پر دونوں الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو انہیں 28 سال قید اور جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

مذکورہ پروڈیوسر پر الزام تھا کہ انہوں نے 2006 میں ایک خاتون کے ساتھ زبردستی جنسی تعلق قائم کرنے کی کوشش کی جبکہ 2013 میں نیویارک کے ایک ہوٹل میں خاتون کا ریپ کیا۔

البتہ ہاروی وائنسٹن کی ٹیم نے ان دونوں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ پروڈیوسر نے خواتین کے ساتھ زبردستی نہیں کی، وہ اپنی مرضی سے ان کے ساتھ جنسی تعلق میں رہیں۔

مزید پڑھیں: ’ ہاروی وائنسٹن نے خواتین کا ریپ کیلئے دوست کا ہوٹل استعمال کیا‘

واضح رہے کہ ہاروی وائنسٹن کی جانب سے جرم کو تسلیم کرنے سے انکار کے بعد نیویارک کی عدالت قانون کے تحت آزاد جیوری بناکر ان کا ٹرائل کرنے کا فیصلہ بھی کیاتھا۔

یہاں یاد رہے کہ ہاروی وائنسٹن پر کم سے کم 100 خواتین و اداکاراؤں نے ریپ، جنسی استحصال اور جنسی ہراسانی کے الزامات لگا رکھے ہیں جب کہ ان کے خلاف درجنوں خواتین نے سول مقدمات بھی دائر کر رکھے ہیں۔

ہاروی وائنسٹن پر الزام لگانے والی خواتین میں معروف اداکارائیں بھی شامل ہیں—فوٹو: یو ایس ٹوڈے
ہاروی وائنسٹن پر الزام لگانے والی خواتین میں معروف اداکارائیں بھی شامل ہیں—فوٹو: یو ایس ٹوڈے

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں