لاہور ہائی کورٹ نے پی ایس ایل کے مالی معاملات کے متعلق درخواست نمٹادی

01 اکتوبر 2020
امید ہے کہ جب آپ مل کر بیٹھے گے تو کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، جسٹس ساجد محمود سیٹھی — فائل فوٹو / اے ایف پی
امید ہے کہ جب آپ مل کر بیٹھے گے تو کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، جسٹس ساجد محمود سیٹھی — فائل فوٹو / اے ایف پی

لاہور ہائی کورٹ نے پی سی بی کی جانب سے باہمی رضامندی سے مسئلہ حل کرنے کی یقین دہانی کے بعد پی ایس ایل کے مالی معاملات کے متعلق درخواست نمٹادی۔

عدالت عالیہ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران پاکستان کرکٹ بورڈ (پی ایس ایل) نے موقف اختیار کیا فرنچائز مالکان کے ساتھ بیٹھنے کو تیار ہیں۔

عدالت میں فرنچائزز کے وکلا احمر بلال صوفی اور سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پچھلے 5 سال میں کسی فرنچائز نے منافع نہیں کمایا، فرنچائزز نے کہیں بھی کنٹریکٹ کی خلاف ورزی نہیں کی جبکہ ہم کہتے ہیں کہ پورے نظام کو ہی ری اسٹرکچر کیا جائے۔

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی سی بی بھی مانتا ہے کہ نظام میں خرابیاں ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ ایسا ماڈل ہو جو آگے چلے، فرنچائزز کو پانچ سال میں ساڑھے 8 ارب کا نقصان ہوا، اگلے پانچ سالوں میں کیا ہو گا۔

پی سی بی کی جانب سے مسئلہ باہمی رضامندی سے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جس پر عدالت نے درخواست نمٹادی۔

مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے مالیاتی ماڈل میں تبدیلی کیلئے فرنچائزوں نے عدالت سے رجوع کر لیا

عدالت نے قرار دیا کہ کورونا کی وجہ سے غیر معمولی حالات ہیں، پی سی بی فرنچائزز سے افہام و تفہیم سے معاملات حل کرے۔

جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کہا کہ امید ہے کہ جب آپ مل کر بیٹھے گے تو کوئی نہ کوئی راستہ ضرور نکلے گا، پوری دنیا میں کورونا کی وجہ سے معاشی بدحالی ہے، ایسے حالات میں پی سی بی دیکھے کہ کیا رعایت دے سکتی ہے۔

واضح رہے کہ 24 ستمبر کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی تمام فرنچائزوں نے لیگ کے مالیاتی ماڈل کی تبدیلی کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا تھا۔

پاکستان سپر لیگ میں شریک تمام 6 فرنچائزوں نے بورڈ کے خلاف مشترکہ موقف اپناتے ہوئے مقدمے میں پاکستان کرکٹ بورڈ اور چیف ایگزیکٹو وسیم خان کو فریق بنایا تھا۔

لاہور ہائی کورٹ میں احمر بلال صوفی اور سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے درخواست گزاروں کو 21-2020 کے سیزن کے لیے مکمل فرنچائز فیس 25 ستمبر 2020 تک جمع کرانے کا حکم دیا ہے اور یہ مانگ ملک میں کرکٹ کے فروغ کے فرائض کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری ہے۔

فرنچائزوں کا دعویٰ تھا کہ پی ایس ایل سے پی سی بی امیر ہو رہا ہے لیکن فرنچائزوں کو ہر سیزن نقصان ہو رہا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں