کورونا وائرس کی وبا آگے بڑھنے سے دنیا بھر میں ذپنی صحت کے مسائل میں بھی اضافہ ہوا ہے، جس کو دیکھتے ہوئے فیس بک نے ایک نیا ایموشنل ہیلتھ ریسورس سینٹر متعارف کرایا ہے۔

اس ریسورس سینٹر میں ماہرین کی رہنمائی اور تفصیلات دی جائیں گی جبکہ صارفین کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم اور اس کی زیرملکیت دیگر ایپس سے جوڑتا ہے۔

کمپنی کی جانب ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ذہنی صحت کو اس ریسورس سینٹر میں مرکزی اہمیت دی جائے گی، جس کے لیے دنیا بھر کے ماہرین کی ٹپس اور دیگر معلومات صارفین تک پہنچائی جائے گی۔

یہ فیس بک ہب دنیا بھر میں صارفین کو دستیاب ہوگا جس میں ذہنی صحت کے مقامی ماہرین کے بارے میں تفصیلات بھی موجود ہوں گی۔

فیس بک کے ساتھ ساتھ اس کی زیرملکیت دیگر ایپس میں ذہنی صحت سے متعلق فیچرز بھی متعارف کرائے جائیں گے۔

جیسے واٹس ایپ پر عالمی ادارہ صحت کے ڈیجیٹل اسٹریس منیجمنٹ گائیڈ (جو تناؤ میں کمی کی ٹپس فراہم کرتی ہے)، اب ڈبلیو ایچ او ہیلتھ الرٹ چیٹ کی شکل میں دستیاب ہوگی۔

میسنجر میں ڈبلیو ایچ او کی مدد سے ڈیزائن کیے جانے والے اسٹیکرز دریافت کیے جاسکیں گے، جو لوگوں میں ذہنی صحت کے حوالے سے بات چیت کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔

فوٹو بشکریہ فیس بک
فوٹو بشکریہ فیس بک

اسی طرح انسٹاگرام پر نوجوانوں اور دیگر گروپس کی ذہنی صحت کی بہتری کے لیے گائیڈز کو دریافت کیا جاسکے گا۔

اس سے قبل فیس بک نے 19 مارچ کو کورونا وائرس انفارمیشن سینٹر نیوزفیڈ پر متعارف کرایا تھا۔

اس انفارمیشن سینٹر کا مقصد وائرس کے حوالے سے حکومتوں اور طبی محققین کی جانب سے فراہم کی جانے والی کارآمد معلومات لوگوں تک پہنچانا ہے جبکہ غلط اطلاعات پھیلنے کی شرح کم از کم کرنا ہے۔

یہ انفارمیشن سینٹر رئیل ٹائم میں اپ ڈیٹ ہوتا ہے جبکہ عالمی ادارہ صحت سمیت دیگر آفیشل ذرائع سے نئی معلومات اور تجاویز فراہم کی جاتی ہیں۔

فیس بک مین ایپ کے ساتھ ساتھ اس کی میسجنگ اپلیکشن میسنجر پر بھی کورونا وائرس کے حوالے سے انفارمیشن ہب کو بھی متعارف کرایا گیا۔

فیس بک کی زیرملکیت واٹس ایپ نے اپنی ویب سائٹ پر کورونا وائرس سے متعلق مستند معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے واٹس ایپ کورونا وائرس کا پیچ متعارف کرایا، جہاں پر لوگوں کو دنیا بھر میں تیزی سے پھیلنے والی وبا سے متعلق درست معلومات تک رسائی کو یقینی بنایا گیا ہے۔

واٹس ایپ کی جانب سے متعارف کرائے گئے کورونا وائرس کی معلومات کے فیچر کو نہ صرف صحت سے متعلق عالمی اداروں کے تعاون سے پیش کیا گیا ہے بلکہ اس فیچر میں درست معلومات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے میسیجنگ ایپلی کیشن نے متعدد فیکٹ چیکر اداروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں