نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبرپختونخوا، ناردرن پاکستان کی مسلسل فتوحات

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2020
فخرزمان نے 66 رنز بنائے اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:پی سی بی
فخرزمان نے 66 رنز بنائے اور میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا—فوٹو:پی سی بی

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں فخر زمان کی بہترین بیٹنگ کی بدولت خیبرپختونخوا (کے پی) نے سینٹرل پنجاب کو باآسانی 29 رنز سے شکست دے کر مسلسل چوتھی فتح حاصل کرلی جبکہ دوسرے میچ میں ناردرن پاکستان نے بلوچستان کو 7 وکٹوں سے زیر کرکے مسلسل پانچویں کامیابی حاصل کی۔

ملتان میں کھیلے گئے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

فخر زمان اور محمد رضوان نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 45 رنز بنائے اور کپتان 23 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

گزشتہ میچ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے تجربہ کار بلے باز محمد حفیظ آؤٹ ہونے والے دوسرے کھلاڑی تھے جنہوں نے 77 کے اسکور پر 17 رنز بنائے۔

مزید پڑھیں:ٹی ٹوئنٹی کپ: خیبر پختونخوا کے ہاتھوں سندھ کو شکست، بلوچستان نے سینٹرل پنجاب کو ہرا دیا

اوپنر فخر زمان نے 42 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 66 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 119 رنز تک پہنچایا، آصف آفریدی 20 اور افتخار احمد 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

خیبرپختونخوا نے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 178رنز بنائے، شعیب ملک نے آؤٹ ہوئے بغیر 24 گیندوں پر 27 رنز بنائے۔

سینٹرل پنجاب کی جانب سے احمد بشیر نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں اپنے نام کیں۔

کامران اکمل کی ایک اچھی بیٹنگ کے باوجود نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں سینٹرل پنجاب کی ناکامیوں کا سلسلہ تھم نہ سکا اور ہدف کے تعاقب میں عابد علی 5 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ کی شراکت میں کامران اکمل اور عبداللہ شفیق نے ٹیم کے اسکور کو 99 رنز تک پہنچایا، کامران اکمل 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

کپتان سعد نسیم اور رضوان حسین نے12،12 رنز بنائے جبکہ 116 رنز پر عبداللہ شفیق 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سینٹرل پنجاب کی کامیابی کے امکانات معدوم ہوگئے۔

سینٹرل پنجاب کے دیگر بلے باز جلدی آؤٹ ہوئے اور پوری ٹیم 149 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے آصف آفریدی، ارشد اقبال، جنید خان اور وہاب ریاض نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

فخر زمان کو شان دار نصف سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

ناردرن پاکستان کی بلوچستان کے خلاف فتح

نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا 14 واں میچ بلوچستان اور ناردرن پاکستان کے درمیان کھیلا گیا جس میں بلوچستان کے کپتان حارث سہیل نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

بلوچستان کی جانب سے گزشتہ میچ میں بڑی اننگز کھیلنے والے امام الحق صرف 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، اویس ضیا 14 اور بسم اللہ خان 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو مجموعی اسکور 38 رنز تھا۔

کپتان حارث سہیل نے ٹیم کو مشکل سے نکالا اور اکبرالرحمٰن نے 38 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا، اس دوران دونوں بلے بازوں نے ٹیم کی سنچری مکمل کی۔

حارث سہیل نے 51 رنز بنائے اور علی عمران کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے، اس وقت بلوچستان کا اسکور 111 رنز تھا۔

اکبرالرحمٰن نے 38 رنز بنائے اور ٹیم کو 139 رنز تک پہنچایا، عماد بٹ آؤٹ ہونے والے آخری بلے باز تھے جو 18 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

عمید آصف اور اسامہ میر کے آؤٹ ہوئے بغیر بالترتیب 8 اور 6 رنز کے باعث بلوچستان نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 156 کا اسکور سجایا۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ: ناردرن پاکستان اور بلوچستان اپنے میچز میں کامیاب

ناردرن کی جانب سے سہیل تنویر اور محمد عامر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ایک آسان ہدف کے تعاقب میں ناردرن کے علی عمران 2 رنز بنا کر شروع میں ہی پویلین واپس لوٹ گئے تاہم عمر امین نے 30 اور روحیل نذیر نے 42 رنز بنا کر دوسری وکٹ میں بڑی شراکت کی۔

عمر امین 58 رنز پر آؤٹ ہوئے جبکہ روحیل نذیرجب آؤٹ ہوئے تو ان کی ٹیم کا اسکور 86 رنز بنا تھا۔

آصف علی اور حماد اعظم نے ایک اچھی شراکت بنائی اور 18ویں اوور کی پانچویں گیند پر 158 رنز بنا کر ٹیم کو 7 وکٹوں سے فتح دلائی، دونوں بلے بازوں نے بالترتیب 41 اور 30 رنز بنائے۔

بلوچستان کی جانب سے یاسر شاہ نے 2 اور خرم شہزار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں